گنڈاپور کا افغانستان سے خود مذاکرات

علی امین گنڈاپور کا افغانستان سے خود مذاکرات کا اعلان

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کی مختلف بار ایسوسی ایشنز سے خطاب کے دوران وزیر اعلٰیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کا افغانستان سے خود مذاکرات کا اعلان، میں بحیثیت صوبہ وفد بھیج کر ان سے ملاقات کروں گا۔
گزشتہ روز خیبر پختون خوا کی مختلف بار ایسوسی ایشنز سے خطاب کے دوران وزیر اعلٰی خیبرپختون خوا علی امین گنڈاپور نے ایک بار پھر تند وتیز باتیں کیں۔
اس تقریب کی جو ویڈیو سامنے آئی ہے اس میں وزیراعلٰی نے نام لئے بغیر مقتدر حلقوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی اپنی پالیسی ہے جس کی وجہ سے میرے لوگ مر رہے ہیں، اب میں خود افغانستان سے بات کروں گا، میں بحیثیت صوبہ وفد بھیج کر ان سے ملاقات کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ بیٹھ کر بات کروں گا اور وہ بات کر کے میں مسئلہ حل کروں گا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ میں اس صوبے کے شہریوں کی زندگیاں بچاﺅں گا، میں اللہ کو جواب دہ ہوں، میں کبھی کمپرومائز نہیں کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان سے ہمارا بات کرنا کسی کو اچھا لگتا ہے تو ویری گڈ اور اگر نہیں لگتا تو ویری ویری گڈ ہے۔
پالیسیوں کے حوالے سے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ میں جھوٹ بولوں؟ چاپلوسی کروں؟ میں نہ بتاﺅں کہ جو کچھ کر رہے ہیں، یہ قانون کی خلاف ورزی ہے۔
ان کا تند و تیز لہجے میں کہنا تھا کہ میں آپ کا غلام نہیں ہوں، میں آزاد ہوں، مجھ سے میری آزادی کوئی نہیں چھین سکتا۔ میرے میں غلطی ہے تو میں اپنی اصلاح کیلئے تیار ہوں، منافقت کیلئے میں تیار نہیں ہوں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آج اس صوبے میں بڑے چیلنجز آئے ہیں، یہ سب ان لوگوں کے اقدامات کی وجہ سے ہوئے ہیں، وہ خیبر پختون خوا پولیس جو بہترین پولیس تھی جو پشتون کلچر تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں صوبے کے اس مثالی کلچر کو کس نے تباہ کیا؟ ایسے حکمرانوں نے کیا، یہ لوگ ایسے کام کرنا بھی نہیں چاہتے تھے لیکن ان سے کرائے گئے اور پورے معاشرے کو گندا تالاب بنا دیا۔
وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس کو اب صاف کرنے میں ہمیں وقت لگ رہا ہے، وہ لوگ خود شرمندہ ہیں، ان کے ضمیر انہیں کوس رہے ہیں کہ انہوں نے جو کیا، وہ غلط کیا، لیکن قصور وار وہ ہیں جنہوں نے ان سے یہ سب کرایا ہے۔
وزیراعلی کا کہنا تھا کہ نظام کو جو چلا رہا ہے، اگر وہ اپنے نیچے والے سے کوئی کام کراتا ہے تو ذمہ دار وہ ہے جو اس سے کام کراتا ہے۔ آپ کے چاپلوس چمچے آپ کے دائیں بائیں بیٹھ جاتے ہیں اور کہتے ہیں آپ ٹھیک کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نہ چاپلوس ہوں نہ میں کسی کا چمچہ ہوں، نہ میں کسی کا غلام ہوں، آپ اس قوم میں جائیں اور لوگوں سے پوچھیں تو آپ کو پتہ چلے گا کہ آپ کے بارے میں کسی کی کیا سوچ ہے۔
یاد رہے کہ خیبر پختونخوا کی مختلف بار ایسوسی ایشنز سے خطاب کے دوران وزیر اعلٰیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کا افغانستان سے خود مذاکرات کا اعلان، میں بحیثیت صوبہ وفد بھیج کر ان سے ملاقات کروں گا۔

مزید پڑھیں:  لوئر دیر، ہسپتال انتظامیہ اور ینگ ڈاکٹرز تنازعہ شدت اختیار کر گیا