قرضوں سے اہمیت کم

قرضوں سے اہمیت کم ،اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہوگا ،وزیراعظم

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ روز روز قرضوں کی درخواستوں سے ہماری اہمیت کم ہوتی ہے اس لئے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہوگا ۔
کابینہ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت کو چار چاند لگیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آہستہ آہستہ تبدیلی آرہی ہے، شرح سود میں دو فیصد کمی سے تمام شعبوں کو فائدہ ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے حوالے سے ہم نے اپنی پوری کوشش کی اور اگلے پروگرام کیلئے گفتگو اچھے طریقے سے آگے بڑھ رہی ہے، پروگرام طے ہونے کے بعد ہم شرح نمو میں اضافے کیلیے اقدامات اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ توانائی اور ایف بی آر کے شعبے میں بے پناہ اقدامات کی ضرورت ہے جس کے لئے کام کررہے ہیں ۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کے حوالے سے ہمارے دوست اور برادر ممالک نے ایک بار پھر ہماری پوری طرح مدد کی اور ایسے ساتھ دیا جیسے بھائی بھائی کیلئے اور دوست ، دوست کیلئے کرتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ قرضوں سے جان چڑھانی ہوگی اور اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہوگا، ہم ایٹمی طاقت ہیں اور روز روز قرض کی درخواستوں سے ہماری اہمیت کم ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان مکمل توجہ کے ساتھ کاوشیں کررہی ہے، ابھی اقدامات کے حوالے سے معاملات چل رہے ہیں جب موقع ہوگا تو انہیں بیان کروں گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کے مطالبات کو پورا کرنے کیلیے سب نے ملکر بے پناہ محنت کی جبکہ چینی سفیر نے بھی بہت کاوشیں کیں۔
شہباز شریف نے اسرائیلی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں قتل و غارت اور معصوم فلسطینیوں کو جیسے شہید کیا جارہا ہے وہ انسانی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے۔
انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ عالمی ضمیر خاموش ہے، اقوام متحدہ ، سکیورٹی کونسل، عالمی عدالت سے جو بھی فیصلے آئے اس کو اسرائیل نے ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا مگر عالمی طاقتیں خاموش ہیں۔

مزید پڑھیں:  پاکستان میں منکی پاکس کا 7واں کیس رپورٹ، پمز ہسپتال میں داخل