وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اہم ملاقات

علاقائی امن: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے افغان قونصل جنرل کی اہم ملاقات

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پورسے افغان قونصل جنرل نے اہم ملاقات کی ہے جس میں پاک افغان علاقائی امن سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سے پشاور میں تعینات افعان قونصل جنرل حافظ محب اللہ شاکی نے اہم ملاقات کی ہے ۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول باہمی تجارت کے فروغ، علاقائی امن و استحکام، صوبے میں مقیم افعان شہریوں کو درپیش مسائل کے حل سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اور افغانستان کے عوام کے درمیان کئی قدریں مشترک ہیں، سرحد کے آر پار لوگ لسانی، مذہبی، ثقافتی اور انسانی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کی وجہ سے دونوں اطراف کے لوگ مشکلات سے دوچار ہوئے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ علاقائی امن پاکستان اور افغانستان دونوں کے مفاد میں ہے، اب وقت آگیا ہے کہ علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لئے سنجیدہ کوششیں ہونی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت ہے کہ وفاقی حکومت اس سلسلے میں ایک جرگہ تشکیل دے کر پڑوسی ملک کے ساتھ بات چیت کرے ۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد پر تجارتی سرگرمیوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے، تجارت کی غرض آنے والے افعان تاجروں کی سہولت کے لئے بارڈر پر خصوصی ڈیسک کا قیام انتہائی ضروری ہے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ حکومت صوبے میں قانونی طور پر مقیم افعان باشندوں کے مسائل حل کرنے کے لئے سنجیدہ ہے، صوبے میں زیر تعلیم افعان طلبہ اور علاج معالجے کی غرص سے آنے والے افعان شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
اس موقع پر افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ نے کہا کہ پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا کے عوام نے کئی عشروں تک افعان مہاجرین کی مہمان نوازی کی ہے جس کے لئے مشکور ہیں۔
افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ نے مزید کہا کہ ترقی کے لئے امن و امان بنیادی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں:  چیمپئنز ٹرافی انتظامات کا جائزہ لینے آئی سی سی وفد آج کرچی پہنچے گا