خیبرپختونخوا:سالانہ بجٹ آج پیش ہوگا

خیبر پختونخوا کا بجٹ آج صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، بجٹ کا تخمینہ1000ارب روپے سے زائد رکھا گیا ہے، شہریوں کی سہولت کیلیے اہم اعلانات کیے جائیں گے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کا ترقیاتی بجٹ350ارب سے زائد کا رکھا جائے گا، بجٹ میں ترقیاتی پروگرام میں صرف2نئی سکیمیں شامل کی گئی ہیں۔

بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں25فیصد اضافے کا اعلان ہوگا جبکہ مزدور کی کم ازکم تنخواہ21000روپے مقرر کی جائے گی، اس کے علاوہ بجٹ میں آٹے پر عوام کوسبسڈی بھی دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق آمدنی وسائل سے75ارب تک بڑھانے کا منصوبہ ہے، بجٹ میں سیاحت ،توانائی، آئی ٹی کیلئے زیادہ رقم مختص کی جائے گی، بجٹ میں خواتین،اقلیت،بزرگ شہریوں کیلئے پیکجز کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

صوبے میں جاری صحت اور تعلیم کے منصوبے بھی مکمل ہوں گے، صحت کارڈ کا دائرہ کار ضم اضلاع تک بڑھایا جائے گا، ضم اضلاع کے ترقیاتی پروگرام115ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔

جگرکی پیوندکاری صحت پلس کارڈ میں شامل کی جائےگی۔ بجٹ میں صحت کارڈ میں او پی ڈی کی سہولت شامل کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ بجٹ میں نئے اساتذہ کو بھرتی کرنے کااعلان کیا جائےگا،80فیصد سے زائد نمبر لینے والے طلبہ و طالبات کیلئے وظیفہ جاری کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔

بجٹ میں ریسکیو1122دائرہ کارتحصیل تک ہوگا، ریسکیو1122کیلئے نئی ایمبولینسز کیلئے فنڈز مختص کیا جائے گا، سرمایہ کاری کیلئے نجی شعبے کو مراعات دینے کا اعلان کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق غیرملکی امداد80ارب اے ڈی پی میں شامل کیے جائیں گے، کے پی کو وفاق سے30ارب اضافی ملیں گے، اے ڈی پی کی80فیصد رقم جاری منصوبوں کیلئے مختص کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ اے ڈی پی کی20فیصد رقم نئے منصوبوں کیلئے مختص کی جائے گی، ہائی امپیکٹ اسکیموں کیلئے70ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔ بجٹ میں کسان کارڈ راشن کارڈ اسکیم کا اعلان کیا جائے گا اور فنکاروں کی مدد کیلئے50کروڑ روپے کا فنڈ مختص کیا جائے گا۔

پولیس زرائع کے مطابق بجٹ اجلاس کی سیکورٹی کےلئے 400 پولیس اہکار تعینات ہیں جبکہ موبائل گشت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔شہر کے خارجی و داخلی راستوں کی چیکنگ سخت جبکہ آس پاس اونچی عمارتوں اور ریلوے لائن پر کمانڈو پولیس اور ماہر نشانہ باز تعینات کردئیے گئے ہیں بی ڈی یوسمیت سنفر ڈاگز اور سپچل کمانڈو کویک رسپانس یونٹ بھی موجود ہونگے۔