پشاور میں چوہوں کا راج

پشاور میں بڑی جسامت کے چوہوں کا راج، شہری عاجز آگئے

پشاور میں بڑی جسامت کے چوہوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا جس کے خاتمے پر حکومت اور متعلقہ اداروں نے خاموشی اختیار کر دی۔ چوہوں کی تعداد میں اضافے سے شہری گھبرا گئے اور دکانداروں کو بھاری نقصان ہونے لگا۔ پشاور کے نوتھیہ، صدر، ڈبگری، گلبرگ، فردوس، ہشتنگری، شیخ آباد، اور دیگر مختلف علاقوں میں گزشتہ کئی سالوں سے بڑی جسامت کے چوہوں کا راج ہے اور سابق حکومت نے فی چوہے کو مارنے کی قیمت بھی مقرر کر دی تھی تاکہ چوہوں کا خاتمہ ہوسکے لیکن اس آپریشن کو ادھورا چھوڑ دیا گیا اور اب چوہے رات کے اوقات سرعام گھروں اور گلی محلوں میں گھوم پھیر رہے ہیں جبکہ دکانوں میں قیمتی اشیاء کاٹ کر دکانداروں کو بھاری نقصان پہنچا رہے ہیں لیکن خیبر پختونخوا حکومت اور متعلقہ ادارے اس سلسلے میں خاموش ہیں۔ پشاور کے عوام اور دکانداروں نے خیبر پختونخوا حکومت سے مطالبہ کیا کہ پشاور بھر میں بڑی جسامت والے چوہوں کیخلاف سخت آپریشن کیا جائے اور ان چوہوں کو ختم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں تاکہ شہری اور تاجر مزید نقصان و پریشانی سے بچ سکیں۔

مزید پڑھیں:  مقبوضہ جموں وکشمیر میں نام نہاد انتخابات ناقابل قبول ہیں، دفتر خارجہ