محمودخان

محمودخان کاصوبے کی تاریخ کا سب سے بڑاترقیاتی بجٹ پیش کرنے کااعلان

سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے مالی سال 2022-23 کو حتمی شکل دینے کیلئے ایک اہم اجلاس گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں مختلف محکموں کے تحت جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل اوراگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کیلئے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ترجیحات کا تعین کرنے کے سلسلے میں اہم فیصلے کئے گئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں خصوصاً صوبائی حکومت کے ترجیحی منصوبوں کی تکمیل کو پہلی ترجیح دی جائے گی اور اس مقصد کیلئے مجموعی سالانہ ترقیاتی پروگرام کا 90 فیصد حصہ مختص کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ محمودخان نے آئندہ مالی سال کے دوران تمام شعبوں میں ترجیحی منصوبوں خصوصاً تکمیل کے قریب سکیموں کو ترجیحی بنیادو ں پر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس سلسلے میں صوبے کے تمام اضلاع کو یکساں اہمیت دی جائے اور اگلے مالی سال کے دوران ان منصوبوں کی تکمیل پر خصوصی توجہ دی جائے جن سے زیادہ سے زیادہ عوام مستفید ہوں۔
اْنہوں نے مزید ہدایت کی کہ تعلیم، صحت، توانائی، سیاحت ، سوشل ویلفیئر اور آبنوشی سمیت تمام اہم شعبوں میں جدید رجحانات کو فروغ دے کر خدمات کی فراہمی کے عمل کو مزید بہتر بنانے کیلئے خصوصی اقدامات اْٹھائے جائیں۔ وزیراعلیٰ محمودخان نے کہاکہ صوبائی حکومت صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ پیش کرنے جارہی ہے جس کیلئے تمام محکموں کو جامع اور ٹھوس حکمت عملی کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں:  غزہ میں جنگ بندی فوری اور انتہائی ضروری ہے، ملالا یوسف زئی
مزید پڑھیں:  اسرائیلی افواج کے رفح شہر پر حملوں کا سلسلہ جاری، مزید 5 فلسطینی شہید

چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کے علاوہ صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں اگلے مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام خصوصاً نئی ترقیاتی اسکیموں پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا اور پروگرام کو حتمی شکل دی گئی۔