سپیشل پولیس اہلکار

سپیشل پولیس اہلکاروں کا مستقلی کیلئے اسمبلی کے سامنے احتجاج

پشاور(نامہ نگار) خیبرپختونخوا اسمبلی چوک میں اسپیشل پولیس فورس بنوں، لکی مروت، تورغر اور دیگر اضلاع کے متاثرہ ملازمین نے احتجاج کیا۔

مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے صوبائی حکومت اور آئی جی پی خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا کہ اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ خیبرپختونخوا نے اپنے لیٹر میں واضح طور پر لکھ دیا ہے کہ جتنے بھی سپیشل فورسز اہلکار ہیں ان کو مستقل کیا جائے مگر اس کے بعد بھی ہمیں آج تک مستقل نہیں کیاگیا۔

مزید پڑھیں:  بلدیاتی نمائندوں کا احتجاج:کیپیٹل میٹروپولیٹن پشاور ڈائریکٹوریٹ کو تالے لگا دیئے

مظاہرین نے کہا کہ وہ دو سال سے اپنے فرائض ادا کررہے ہیں اور اعلیٰ حکام کی طرف سے جو بھی ڈیوٹی دی جاتی ہے اسے بجا لاتے ہیں لیکن تاحال ہماری مستقلی کیلئے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں ہو رہی۔

اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی شگفتہ ملک اور جماعت اسلامی بنوں کے رہنما و سابق امیدوار برائے تحصیل چیئرمین ککی حاجی اختر علی شاہ نے بھی احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی اور مظاہرین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ شگفتہ ملک نے کہا کہ صوبائی حکومت اور محکمہ پولیس کی ذمہ داری ہے کہ جس طرح انھوں نے دیگر اہلکاروں کو مستقل کردیا ہے انھیں بھی مستقل کرے۔

مزید پڑھیں:  9مئی :وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے عام معافی کا مطالبہ کردیا