نیشنل ایکشن پلان

نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کا کردار بحال کیا جائے،وزیراعظم

لاہور: (مشرق نیوز) وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت امن وامان سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس کےشرکا کو ملک میں امن وامان کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم کی زیرصدارت امن وامان سےمتعلق اجلاس میں ملک سے دہشتگردی کے خاتمے اور اِس ضمن میں لاحق خطرات پر بریفنگ دی گئی، دہشتگردوں کی مالی معاونت کے سدباب کے اقدامات اور قوانین پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے فیٹف ایکشن پلان کی تکمیل پر قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے ملک میں اسٹریٹ کرائمز کے اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ ملک بھر میں عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف پوری قوم ایک بیانیے پر متفق ہے۔ دہشتگردی کیخلاف پوری قوم اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہےگی۔ اُنھوں نے مزید کہا کہ نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کے کردار کو دوبارہ بحال کیا جائے، گزشتہ4 سال میں صوبوں کا کردار نظرانداز کرنے سے دہشتگردی میں اضافہ ہوا۔ معیشت کی بحالی اور ترقی کیلئے امن وامان کا یقینی ہونا بنیادی تقاضا ہے۔

مزید پڑھیں:  یوسین بولٹ رواں سال ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کے سفیر مقرر