بی آرٹی کی 86نئی بسیں

بی آرٹی کی 86نئی بسیں چلانے کیلئے معاہدہ پردستخط

ویب ڈیسک : بی آر ٹی کی 86نئی بسوں کو چلانے کیلئے ٹرانس پشاور نے نجی شعبہ کے ساتھ معاہدہ پر دستخط کر دئیے ہیں مذکورہ کمپنی اس وقت بھی بی آر ٹی کی بسیں چلا رہی ہے ٹرانس پشاور نے نئی بسوں کے آپریشنز کیلئے نجی ادارے کے ساتھ معاہدے پر دستخط کر لیے ہیں۔86 نئی بسیں فعال کرنے کے سارے انتظامات آخری مراحل میں ہیں۔
بسوں کے ساتھ نئے روٹس بھی فعال کر دیئے جائیں گے۔ ٹرانس پشاور کے سی ای او فیاض احمد خان نے نجی شعبہ کے ساتھ پشاور بی آر ٹی سسٹم کے لیے 86 نئی بسیں چلانے کے معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدہ چمکنی میں واقع ٹرانس پشاور کے دفتر میں تکمیل پایا۔ ٹرانس پشاور کے مطابق نئی بسوں کو چلانے کے لئے انتظامات آخری مراحل میں ہیں فی الحال بسوں کی رجسٹریشن کا عمل، آئی ٹی ایس اور کرایے کے آلات کی تنصیب اور ڈرائیوروں اور دیگر عملے کی تربیت کی جا رہی ہے۔
زو پشاور 5 نئے روٹس کا آغاز کر رہا ہے۔ جن میں چارسدہ روڈ پر شاہ عالم سے ملک سعد شہید تک ایکسپریس روٹ، مال آف حیات آباد سے فیز 6 ٹرمینل براستہ فیز 1، چمکنی سے ملک سعد شہید براستہ رنگ روڈ، پبی سے ملک سعد شہید براستہ چمکنی اور ریگی ماڈل ٹاؤن سے تہکال پایان تک کے روٹس شامل ہیں۔ فی الوقت بی آر ٹی میں 10 روٹس شامل ہیں جن میں 3 ایکسپریس روٹس، 2 اسٹاپنگ روٹس اور 5 فیڈر روٹس شامل ہیں۔ نئے روٹس کے ساتھ یہ تعداد 15 تک پہنچ جائے گی۔ ان 86 بسوں کے اضافے سے بسوں کی کل تعداد 244 ہوجائے گی۔

مزید پڑھیں:  رسالپور میں فائرنگ کا تبادلہ : پولیس اہلکار زخمی ،رہزن ہلاک