لکی مروت خانہ بدوش خاندان

لکی مروت،خانہ بدوش خاندان کا1شخص قتل،خاتون اغوا

ویب ڈیسک :لکی مروت کے گائوں میلہ مندرہ خیل میں خانہ بدوش خاندان کے ایک شخص کو قتل کرنے کے بعد شادی شدہ خاتون کو اغوا کرلیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ متاثرہ خاندان گائوں کے مضافات میں خیموں میں آباد تھا ۔ حملہ آور بھی خانہ بدوش تھے اور ان کا تعلق پنجاب کے ضلع بھکر سے ہے ۔ مدعی25 سالہ عامر نے پولیس کو بتایا کہ وہ، اس کی بیوی بی بی بابرہ اور والد 45 سالہ محمد اسلم خیمے میں سو رہے تھے کہ غفار، عبداللہ، اشرف، اعظم، لیاقت، لیقو، اسد اور مسماة شمیم نے حملہ کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کے ساتھ ان کے خاندان کا مستورات کا تنازعہ ہے۔ حملہ آوروں نے والد کو گولی مار کر زخمی کیا اور پھر سب کو قابو کرلیا۔ مدعی کے مطابق وہ جان چھڑا کر گائوں کی طرف بھاگ نکلا جبکہ ملزم اس کے زخمی والد، بیوی اور ایک آٹو رکشہ اپنے ساتھ لے گئے۔ بعد میں تلاش پر والد کی لاش کھیتوں میں پڑی ہوئی ملی۔ پولیس کے مطابق لاش پوسٹ مارٹم کے لیے سٹی ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے جبکہ ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس 18 ستمبر کو طلب، 35 نکاتی ایجنڈا زیر غور آئیگا