سال2022 سیاسی انتشار

سال2022 سیاسی انتشار،عدالتوں میں مقدمہ بازی کی نذر ہوگیا

ویب ڈیسک : 2022کا پورا سال پاکستان میں کسی قسم کی خوشحالی اور امن لانے کی بجائے سیاست دانوں کے عدالتی اور سیاسی ہنگاموں کی نذر ہو گیا ہے اس سال کے دوران پی ٹی آئی کا پلڑا بھاری رہا اس جماعت نے تین درجن سے زائد درخواستیں عدالتوں میں دائر کیں اور تقریبا تمام مقدمات میں ریلیف حاصل کیا جبکہ مخالفین کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ سیاسی مسائل اور پارلیمانی معاملات کو مختلف طریقوں سے طول دیا گیا جس سے غیر یقینی میں اضافہ ہوا حالانکہ لوگوں کو اس سال مہنگائی کم ہونے کی امید دلائی گئی تھی اس کے برعکس ہر چیز کی قیمت میں کئی سو گنا اضافہ ہوا ہے اور سیاست میں بھی استحکام نہیں آرہا ہے واضح رہے کہ پاکستان میں گذشتہ برس دسمبر سے پی ڈی ایم کی صورت میں عمران خان کی حکومت کیخلاف ایک سیاسی ہیجان کا آغاز ہوا تھا جو رواں برس دسمبر تک بغیر کسی وقفہ اور تعطل کے جاری رہاہے
رواں سال فروری کے مہینے میں عمران خان کی حکومت گرانے کیلئے سیاسی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا اور اپریل میں پی ٹی آئی کی حکومت ختم کردی گئی جس کے بعد سیاسی استحکام کی توقع تھی تاہم اس کے بعد سے اب تک عدالتوں اور اسمبلیوں کو اس معاملہ پر بحث اور سماعت سے فرصت نہیں مل رہی ہے اس سال کسی نہ کسی مسئلے پر پی ٹی آئی عدالتوں میں رہی اس تناظر میں پی ٹی آئی ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے تقریبا ہر مسئلے پر اسلام آباد اور لاہور ہائی کورٹس سے رجوع کیا ہے
جبکہ سپریم کورٹ میں بھی پی ٹی آئی کی درخواستوں کی لاتعداد سماعتیں ہوئی ہیں اس عرصہ کے دوران اعلیٰ عدالتوں نے سب سے زیادہ آئینی درخواستوں کی سماعت کی ہے اور دیگر معاملات بالخصوص سول اورکرمنل مقدمات کی پیروی کو موخر کیا گیا ہے عدالتوں میں صرف اعلیٰ سطح کے مقدمات کی سماعت سے متعلق عوام میں ایک تاثر پھیل گیا ہے کہ عدالتیں اور سیاسی نظام صرف ایک مخصوص طبقہ کیلئے مختص ہوگیا ہے اور تاحال سیاسی معاملات پارلیمنٹ کی بجائے عدالتوں میں لے جائے جارہے ہیں جس سے عام مقدمات کی پیشیاں بند اور کسی قسم کا ریلیف عوام کو نہیں مل رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیلی فوج کا مشرقی رفح سے شہریوں کو نکل جانے کا حکم