ناصر موسیٰ زئی

پی ٹی آئی کی صفوں میں نقب ،کئی ارکان اڑان بھرنے کو تیار

ویب ڈیسک :جمعیت علماء اسلام نے پاکستان تحریک انصاف کی صفوں میں نقب لگا لی عام انتخابات کا سال ہونے کے باعث پی ٹی آئی کے کئی منتخب ارکان اسمبلی اڑان بھرنے کو تیار ہیں ۔ پشاور سے منتخب رکن اسمبلی ناصر موسیٰ زئی کے بعد کئی دیگر ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی بھی جمعیت علماء اسلام، عوامی نیشنل پارٹی اور مسلم لیگ ن سمیت پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں میں محفوظ پناہ گاہیں تلاش کر رہے ہیں۔ پرویز خٹک کے بھائی اور پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی لیاقت خٹک پہلے ہی جمعیت علماء اسلام میں شامل ہوچکے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی سلطان محمد خان عوامی نیشنل پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔
پی ٹی آئی کے مزید کئی ارکان بھی جمعیت سمیت دیگر جماعتوں میں شامل ہونے کیلئے تیار ہیں۔ الیکشن کا سال ہونے کی وجہ سے کئی ارکان کو واضح ہے کہ انہیں پی ٹی آئی کا ٹکٹ دوبارہ نہیں مل سکتا اس وجہ سے بھی کئی ارکان اسمبلی ٹکٹ کی خاطر دیگر جماعتوں میں جگہ تلاش کر رہے ہیں۔ جمعیت علماء اسلام ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پی ٹی آئی کے ڈیڑھ درجن سے زائد ارکان اسمبلی کے ساتھ ان کے معاملات چل رہے ہیں جو اب تک فائنل نہیں ہوسکے ہیں جلد ہی وہ بھی جمعیت میں شامل ہونے کا اعلان کریں گے ۔
ترجمان صوبائی حکومت بیرسٹر محمد علی سیف نے اس حوالے سے مشرق کو بتایا کہ وہ لوگ جو جانتے ہیں کہ انہیں پی ٹی آئی سے ٹکٹ نہیں مل سکتا صرف وہی پارٹی چھوڑ رہے ہیں اور ان کی تعداد انتہائی کم ہے بیشتر ایسے ارکان بھی ہیں جنہیں ٹکٹ کی امید نہیں لیکن پھر بھی وہ پارٹی کے ساتھ مخلص ہیں ۔

مزید پڑھیں:  فیصل آباد، گھر میں آتشزدگی سے 4 کمسن بچے جھلس کر جاں بحق