کیپٹن صفدر

کیپٹن صفدر کی اپنی بیگم مریم نواز کے ہاتھوں سرزنش

ویب ڈیسک : پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے اپنے شوہر اور پارٹی رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر کی سرزنش کر دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق کیپٹن ( ر) صفدر کے حالیہ انٹرویو کے معاملے پر پارٹی کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے سرزنش کرتے ہوئے اُنہیں پارٹی پالیسی کے خلاف بیان بازی سے روک دیا۔ مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق مریم نواز نے ہدایت کی کہ کیپٹن ( ر) صفدر سمیت کوئی بھی رہنما آئندہ پارٹی پالیسی سے ہٹ کر بیان نہ دے۔
ہر پارٹی رہنما کوئی بھی بیان دیتے ہوئے پارٹی پالیسی کو لازمی مد نظر رکھے۔ مریم نواز نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی پارٹی پالیسی سے ہٹ کر چلے گا، اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کپیٹن ( ر) صفدر کو اس سے پہلے بھی پارٹی پالیسی سے ہٹ کر بیان دینے پر شو کاز نوٹس جاری ہو چکا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز بطور چیف آرگنائزر پارٹی پالیسی کا باقاعدہ ہدایت نامہ بھی جلد جاری کریں گی۔یادرہے کہ مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا ہے کہ انہیں مستقبل قریب میں مریم نواز وزیراعظم بنتی نظر نہیں آرہیں۔داتا دربار پر نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیپٹن(ر)صفدر نے کھل کر پارٹی پالیسیوں پر کڑی تنقید کی اور عمران خان کے خلاف ذاتیات پر مبنی بیانات دینے پر شرمندگی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ذاتی زندگی پر حملہ نہیں کرنا چاہیے تھا
سب میں کمی بیشی ہوتی ہے، ہمارے اندر بھی لوگ ہیں جو تنظیم سازی میں پھنس گئے، کچھ ننگے پکڑے گئے، گند ہر طرف ہے۔انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ پہلے بہت مضبوط تھا، مگر ہم نے ووٹ کو اس دن بے عزت کردیا جس دن آرمی چیف جنرل باجوہ کو توسیع دینے کے حق میں ووٹ دیا، اب یہ ووٹ کو عزت دو کا نظریہ نہیں چلے گا، ہم نے اس نعرے کو دفن کردیا۔اس میں سوائے پرویز رشید کے ن لیگ کا ہر وہ شخص مجرم ہے جس نے ووٹ دیا، تم سب لالچی ہو۔

مزید پڑھیں:  پاکستان کا سیٹلائٹ خلائی مشن آئی کیوب چاند کے مدار میں داخل