بجلی بلوں کی عدم ادائیگی، پشاور کی سٹریٹ لائٹس بجھ گئیں

ویب ڈیسک: کیپیٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ بجلی بلوں کے بقایاجات ادا کرنے میں ناکام ہوگیا جس کے بعد پشاور شہر کی تمام سٹریٹ لائٹس کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے رمضان المبارک میں بھی سٹریٹ لائٹس کی بندش نے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کردیا ہے جبکہ رات گئے اندھیروں میں ڈوبی گلیوں میں راہزنوں اور چوروں کی چاندی ہوگئی ہے۔
کیپیٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور کی جانب سے مالی بحران کے باعث بجلی بلوں کی عدم ادائیگی کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کرگیا ہے پشاور شہر کی تمام سٹریٹ لائٹس کو بجلی فراہمی بند کردی گئی ہے جس کے باعث شام ڈھلتے ہی پشاور شہر اندھیروں میں ڈوب جاتا ہے نیبر ہڈ کونسل 39کے چیئرمین حاجی عبدالرئوف کے مطابق انکی یونین کونسل کے ذمہ 80لاکھ روپے کے بقایاجات ہیں جو کیپیٹل میٹروپولیٹن ادا نہیں کررہی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے
انہوں نے بتایا کہ شام ڈھلتے ہی اندھیرا چھا جاتا ہے تراویح کے بعد گھروں کو جانیوالے شہریوں کو بھی اندھیروں میں سفر کرنا پڑتا ہے جبکہ اندرون شہر چوروں نے بھی اندھیرے کا فائدہ اٹھانا شروع کردیا ہے پشاور شہر میں موبائل سنیچنگ اور لوٹ مار معمول بن گئی ہے چور اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر شہریوں کو لوٹ رہے ہیں جو شہر کے اندر امن و امان کیلئے بھی خطرے کا باعث ہے ۔

مزید پڑھیں:  سینئرفوجی کمانڈروں کی شہیدکسٹم اہلکاروں کے اہلخانہ سے ملاقاتیں