ریاستی دہشتگردی قابل مذمت

ریاستی دہشتگردی سمیت ہر قسم کی دہشتگردی قابل مذمت ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے معاملے پر سفارتی پوائنٹ اسکورنگ نہیں ہونی چاہئے اورریاستی دہشت گردی سمیت ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرنا چاہئے کیونکہ کسی بھی قسم کی دہشت گردی کا کوئی جواز نہیں ہوسکتا۔
ویب ڈیسک: بھارت میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سالانہ سربراہی ورچوئل اجلاس سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت خصوصی تجارتی زونز قائم کئے جا رہے ہیں، دنیا کو معاشی اور سلامتی کے چیلنجز کا سامنا ہے، رابطوں کے فروغ کے ذریعے معاشی استحکام حاصل کیا جا سکتا ہے، سی پیک معاشی خوشحالی، امن اور استحکام میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی دہشت گردی میں معصوم لوگوں کا قتل انتہائی قابل مذمت ہے، ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کی جانی چاہیے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے عظیم قربانیاں دیں، خطے میں قیام امن تمام رکن ممالک کی ذمہ داری ہے، عالمی برادری افغانستان کی مدد کیلئے آگے بڑھے، پرامن اور مستحکم افغانستان خطے میں معاشی استحکام کا باعث بنے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ خطے میں غربت کے خاتمے کیلئے قریبی تعاون کی ضرورت ہے، عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف آواز اٹھانا ہوگی، عالمی امن کیلئے لوگوں کو کشمیریوں کا حقِ خود ارادیت یقینی بنانا ہوگا، مذہبی منافرت پھیلانے والے رویوں کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ سال ماحولیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کا سامنا کیا، سیلاب سے پاکستانی معیشت کو 30 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا، ترقی یافتہ ممالک کو ترقی پذیر ممالک کی ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں مدد کرنی ہوگی۔

مزید پڑھیں:  مخصوص نشستیں، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرا دی