ایک ارب 20 کروڑ ڈالر

آئی ایم ایف سے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر مل گئے

ویب ڈیسک: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے پاکستان کو قرض پروگرام کے تحت ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط مل گئی ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے رقوم سٹیٹ بینک آف پاکستان کو موصول ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ اسلام آباد سے جاری کردہ اپنے ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے قرض پروگرام کے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط سٹیٹ بینک میں منتقل کر دی ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کو 3 ارب ڈالر ملنے ہیں۔
آئی ایم ایف کا پروگرام 9 ماہ کا ہے اور 3 ارب ڈالر پاکستان کو ملیں گے۔ اسحاق ڈار نے توقع ظاہر کی ہے کہ ہمارے کل زرمبادلہ کے ذخائر 13 اور 14 ارب ڈالر کے درمیان ہوں گے، رواں ہفتے سٹیٹ بینک کے ذخائر میں 4 ارب 20 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ اس حوالے سے اسٹیٹ بینک اپنی رپورٹ جاری کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ قرض پروگرام کے بقیہ ایک ارب 80 کروڑ ڈالر 2 جائزہ رپورٹس کے بعد پاکستان کو مل جائیں گے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت میں وزیراعظم شہباز شریف کا کردار اہم رہا ہے، ان کے علاوہ حکومتی معاشی ٹیم نے بھی مشکل اور کٹھن سفر میں بھرپور ساتھ دیا۔
دریں اثناء سٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ملکی زرمبادلہ ذخائر گزشتہ ہفتے میں 9.3 کروڑ ڈالر بڑھے ہیں۔ مرکزی بینک کے مطابق زرمبادلہ ذخائر 7 جولائی تک 9 ارب 83 کروڑ ڈالر رہے۔ سٹیٹ بینک کے ذخائر 6 کروڑ 13 لاکھ ڈالر اضافے سے 5 ارب 52 کروڑ ڈالر رہے جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 3 کروڑ 17 لاکھ ڈالر اضافے کے بعد 5 ارب 31 کروڑ ڈالر رہے۔ سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے 2، متحدہ عرب امارات سے ایک اور آئی ایم ایف سے ایک ارب 20 لاکھ ڈالر موصول ہوئے ہیں۔ مرکزی بینک کے مطابق رواں ہفتے موصول ڈالر 14 جولائی کے زرمبادلہ اعداد کا حصہ ہوں گے۔

مزید پڑھیں:  مالاکنڈ میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق