چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ

وزیراعظم نے چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا

ویب ڈیسک: 5 برس التواء کا شکار رہنے والے منصوبے چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا، معاہدے پر 2017 میں دستخط ہوئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے میانوالی میں 1200 میگاواٹ کے نیوکلیئر پاور پلانٹ چشمہ 5 کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ چشمہ 5 جوہری توانائی منصوبہ بہت بڑا سنگ میل اور دو عظیم دوستوں کے درمیان تعاون کی شاندارعلامت ہے۔ وزیر توانائی خرم دستگیر، احسن اقبال اور چینی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے، چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ 1200 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا، سی 5 بجلی گھر کے قیام سے بجلی کے شارٹ فال میں 1200 میگا واٹ کی کمی ہوگی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صاف، موثر اور نسبتاً سستی توانائی کو فروغ دینے کے لیے باہمی تعاون دونوں ممالک کے درمیان عظیم دوستی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین افواہیں پھیلا رہے ہیں۔ وزیراعظم کے کم لاگت اور ماحول دوست بجلی کے ویژن کے تحت منصوبے پر کام دوبارہ شروع ہو رہا ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے مرکزی کیمپس کا بھی سنگ بنیاد رکھ دیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں 4 لاکھ 50 ہزار طلباء کو میرٹ پر وظائف دئیے۔ نوجوانوں کو ہنرمند بنانا وقت کا اہم ترین تقاضہ ہے۔ ملکی ترقی کے لیے فنی تعلیم کا فروغ نہایت ضروری ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہنرمند لوگوں کو بیرون ملک بھیجیں گے تو پاکستان کا تجارتی خسارہ کم ہو جائے گا۔ سکل ڈیوپلمنٹ ہماری ترجیح ہونی چاہیے اس سے کامیابی کی کئی راہیں کھلیں گی۔ ہمیں اپنے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کیلئے تیار کرنا ہوگا کیونکہ یہی ہمارا مستقبل ہے۔

مزید پڑھیں:  ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ودیگرشہداء کی نمازجنازہ آج اداکی جائیگی