محرم الحرام فوج

محرم الحرام، تمام صوبوں میں فوج طلب

ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان حکومت کی درخواست پر ملک بھر میں عشرہ محرم کے دوران امن و امان یقینی بنانے کیلئے فوج کی خدمات طلب کر لی ہیں۔ فوجی اہلکاروں کی تعداد اور تعیناتی کے مقام کا فیصلہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری حکم نامہ کے مطابق محکمہ داخلہ، حکومت پنجاب، حکومت خیبرپختونخوا، حکومت سندھ اور محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان اور گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے درخواست کی گئی تھی جس سے وفاقی حکومت نے اتفاق کیا اور آئین کے آرٹیکل 4 کے تحت استعمال ہونے والے اختیارات کے استعمال میں 1973 انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت فوجی دستوں اور سول آرمڈ فورسزکے دستوں کو تمام صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور اسلام آباد تمام صوبوں میں تعینات کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ فوجی اہلکاروں کی تعداد، فوج اور سی اے ایف کی تعیناتی کی تاریخ اور علاقہ کا تعین صوبائی حکومتیں بشمول حکومت گلگت بلتستان اور اسلام آباد کی انتظامیہ کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں سکیورٹی الرٹ کر دی گئی ہے۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گرد کارروائیوں اور گلگت بلتستان میں ماضی کے واقعات کے پیش نظر محرم الحرام میں امن و امان یقینی بنانے کیلئے فوج تعینات کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا میں بارشوں سے کھڑی فصلوں اور باغات تباہ