جے یو آئی ورکرز کنونشن دھماکہ

باجوڑ: جے یو آئی ورکرز کنونشن میں دھماکہ، تحصیل امیر سمیت 40 افراد جاں بحق

باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ورکرز کنونشن میں ہونیوالے دھماکے کے نتیجے میں تحصیل امیر سمیت 40 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق ضلع باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام کے ورکرز کنونشن میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں جمعیت علمائے اسلام (ف) تحصیل خار کے امیر مولانا ضیاء اللہ جان سمیت 40 افراد جاں بحق جبکہ 80 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے صدر مقام خار میں دھماکہ اس وقت ہوا جب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن جاری تھا، کنونشن میں ایم این اے جمال الدین اور سابق سینیٹر عبدالرشید سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جمال الدین اور عبدالرشید محفوظ رہے۔
زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، دھماکہ کس نوعیت کا ہے تحقیقات کے بعد پتا چلے گا، ضلع انتظامیہ نے شہر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔

مزید پڑھیں:  پاکستان میں چاند نظر نہیں آیا، یکم ذی القعدہ 10مئی کو ہوگی