افغانستان کو شکست

پہلا ون ڈے پاکستان کے نام، افغانستان کو 142 رنز سے شکست

ویب ڈیسک: پاکستان اور افغانستان کے مابین سری لنکا میں ہونے والے ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ میں افغانستان کو 142 رنز کے بھاری مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ابتداء میں غلط ثابت ہوا لیکن پچ نے بعد میں رنگ دکھانا شروع کیا اور دوسری اننگز میں افغان بیٹنگ لائن کو سنبھلنے کا موقع نہ مل سکا۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 47 اوورز میں 201 رنز بنائے اس دوران پوری قومی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ پاکستانی اوپنر فخر زمان 2 رنز، بابر اعظم کھاتہ کھولے بغیر جبکہ رضوان نے 21، آغا سلمان نے 7، اسامہ میر نے 2 اور شاہین آفریدی نے بھی 2 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے امام الحق نے 61 رنز کی اننگز کھیلی، شاداب خان 39 اور افتخار احمد 30 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے جبکہ پیسر نسیم شاہ 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نے 3، محمد نبی اور راشد خان نے 2، 2 اور رحمت شاہ اور فضل حق فاروقی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کے 201 رنز کے جواب میں افغانی ٹیم بھی ٹک نہ سکی اور پاکستانی باولرز کی نپی تلی بائولنگ کی بدولت پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 59 رنز پر سمٹ آئی اور یوں افغانستان کو 142 رنز کے بھاری مارجن سے شکست ہوئی، افغانی بیٹرز میں رحمان اللہ گربز نے 18 رنز جبکہ عظمت اللہ عمرزئی نے 16 رنز کی اننگز کھیلی، ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکا۔ پاکستان کی جانب سے حارث روف نے 5 شکار کئے جبکہ شاہین آفریدی نے 2 اور نسیم اور شاداب نے ایک ایک وکٹ لی۔ یاد رہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستانی ٹیم افغانستان کے خلاف آل آؤٹ ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا کابینہ کی مراعات اور الاؤنسز میں اضافے کی منظوری