سزا معطل

‎لاڈلے کی سزا معطل ہوئی ہے ختم نہیں ہوئی، شہباز شریف

توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی پر مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں شہباز شریف نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ‎لاڈلے کی سزا معطل ہوئی ہے ختم نہیں ہوئی۔
ویب ڈیسک: ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ چیف جسٹس کا "گُڈ ٹو سی یو” اور”وشنگ یو گڈ لک” کا پیغام اسلام آباد ہائیکورٹ تک پہنچ گیا ہے، فیصلہ آنے سے پہلے ہی سب کو پتہ ہو فیصلہ کیا ہوگا تو یہ نظام عدل کے لیے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ سے واضح پیغام مل جائے تو ماتحت عدالت یہ نہ کرے تو اور کیا کرے؟ ایک طرف جھکے ترازو اور انصاف کو مجروح کرتا نظام عدل قابلِ قبول نہیں۔
‎شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خانہ کعبہ کےعکس والی گھڑی بیچ کر کھانے والے کے سامنے قانون بے بس ہے، چور اور ریاستی دہشتگرد کی سہولت کاری ہوگی تو عام آدمی کو انصاف کہاں سے ملے گا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ‎ 9مئی ہو، جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ ہو یا پولیس پر پیٹرول بم کی برسات ہو، سب معاف۔
سابق وزیراعظم میاں شہباز شریف نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ‎لاڈلے کی سزا معطل ہوئی ہے ختم نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سزا معطل کر دی ہے۔

مزید پڑھیں:  تحفظ آئین تحریک نے کسانوں کا ساتھ دینے کا اعلان کردیا