پختونخوا بار کونسل ہڑتال

مہنگی بجلی و پٹرول، پختونخوا بار کونسل آج ہڑتال کرے گی

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا بار کونسل اور پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے پٹرولیم مصنوعات سمیت بجلی و گیس کے بلوں میں ناروا اضافے کو مسترد کرتے ہوئے مہنگائی کیخلاف آج صوبہ بھر میں ہڑتال کا اعلان کر دیا، وکلاء رہنمائوں نے حکمرانوں، بیوروکریٹس ، حجز اور جرنیلز وغیرہ کے پروٹوکول اور مراعات ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام دو وقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں۔ دوسری جانب یوٹیلیٹی بلز میں آئے روز اضافہ کیا جا رہا ہے جس سے بنیادی انسانی حقوق شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
حکومت نے بجلی و پٹرول نرخوں میں اضافہ واپس نہ لیا تو اس کیخلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ بار کونسل کے وائس چیئرمین زربادشاہ خان اور چیئرمین ایگزیکٹیو سید مبشر شاہ نے ملک میں نام نہاد اشرافیہ، بیوروکریٹس، حجز اور جرنیلز کیلئے پروٹوکول، مفت سفری، بجلی، گیس و پیٹرول سہولیات وغیرہ کو فی الفور ختم کرنے کا مطالبہ کیا جس سے اربوں روپے کی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کیخلاف 31 اگست کو پورے صوبے میں وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہونگے اور تمام ڈسٹرکٹ و تحصیل بار ایسوسی ایشنز کو ہدایت کی کہ اپنے بارز میں احتجاجی اجلاسوں کا انتظام کریں۔ انہوں نے وکلاء برادری، سول سوسائٹی و عوام سے اپیل کی کہ مہنگائی کے خلاف احتجاج میں بھر پور حصہ لیں۔
انہوں نے کنزیومر کورٹس کیسز میں غریب عوام صارفین کو مفت قانونی امداد دینے کا بھی اعلان کیا۔ ادھر پشاور ہائیکورٹ بار کے صدر طارق آفریدی اور جنرل سیکرٹری لاجبر خان خلیل ایڈوکیٹ کی زیر صدارت اجلاس میں بجلی بلوں میں اضافی ٹیکسز واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی سے مہنگائی، بیروزگاری اور کم آمدنی سے تنگ تھے، اوپر سے بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکسز شامل کیے گئے ہیں۔ لوڈشیڈنگ، پیٹرولیم مصنوعات و بجلی بلوں میں اضافہ ناقص گورننس کے باعث ہے۔ حکومت 31 اگست تک اضافی ٹیکسز و پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں اضافہ واپس لے بصورت دیگر شدید احتجاج شروع کی جائیگی۔

مزید پڑھیں:  پشاور، بجلی چوری و کنڈا مافیا کے خلاف آپریشن جاری، 1816 کنڈے ہٹا دیئے گئے