بارہ ربیع الاول کیلئے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی گئی

ویب ڈیسک: کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے بارہ ربیع الاول کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی خاطر سیکیورٹی پلان کو حتمی تشکیل دے دی ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی کے مطابق بارہ ربیع الاول کے مرکزی جلوس، مجالس اور تقریبات کے لئے ڈیڑھ ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے، سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کی خاطر جلوس کے تمام روٹس کا ازسر نو آڈٹ کراتے ہوئے خصوصی سفارشات کی روشنی میں تھری لیئر سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔
بارہ ربیع الاول کے جلوس کے روٹس کی بی ڈی یو اور سنیفر ڈاگ کے زریعے مسلسل سویپنگ کی جائے گی۔ جلوس، مجالس اور تقریبات کی سیکیورٹی فول پروف بنانے کی خاطرسی سی ٹی وی کیمروں، ڈرون کیمرہ اور سرویلنس کیمرہ موبائل سسٹم کے زریعے نگرانی کی جائے گی۔
ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی نے کہا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں سمیت جگہ جگہ پر خصوصی ناکہ بندی قائم کر کے چیکنگ کا عمل بھی مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پلان کے تحت شہر میں داخل ہونے والے تمام مشکوک اور مشتبہ افراد کی کڑی نگرانی سمیت تمام سرائیوں اور ہوٹلز میں قیام پذیر افراد کی بھی نگرانی کا عمل جاری ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق خصوصی پلان کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ انفارمیشن ٹارگٹڈ سرچ آپریشن کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

مزید پڑھیں:  عوام کوایک اورجھٹکا،بجلی یونٹ 3 روپے 49 پیسے مہنگاہونےکاامکان