صحت کارڈ پر صرف تین شعبوں میں مفت علاج کی سہولت بحال

ویب ڈیسک: بقایاجات کی مد میں 2ارب روپے جاری ہونے کے بعد سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن نے صرف سرکاری ہسپتالوں میں محدودپیمانے پرتین شعبوں میں مریضوں کاصحت کارڈ پلس پروگرام کے تحت مفت علاج کا سلسلہ بحال کردیاہے۔ واضح رہے کہ سٹیٹ لائف انشورنس کمپنی نے حکومت کے ذمے بقایاجات کی عدم ادائیگی پر19اکتوبر سے سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں مفت علاج کا سلسلہ معطل کیا ہے جس پر گزشتہ روز محکمہ خزانہ کی جانب سے بقایاجات کی مدمیں 2ارب روپے جاری کئے گئے ہیں
تاہم سٹیٹ لائف کی جانب سے مذکورہ فنڈزکو کم قرار دیتے ہوئے محدود پیمانے پر علاج کی سہولت کو بحال کیا ہے اور یہ سہولت بھی صرف سرکاری ہسپتالوں تک محدود ہوگی۔ اس بارے میں سٹیٹ لائف کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق تمام سٹیک ہولڈرز کو مطلع کیا جاتا ہے کہ صحت کارڈ پلس پروگرام کے تحت فوری طور پر ڈائیلاسز، کینسر کا علاج اور ہنگامی حالات میں مریضوں کیلئے مفت طبی خدمات دوبارہ شروع کی جائیں گی اورپروگرام کے تحت درج بالا خدمات اگلے احکامات تک جاری رہیں گی۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے قلیل بجٹ ہسپتالوں کے کلیم میں جاری کردیا جائیگا اور سٹیٹ لائف کے پاس تمام بیماریوں کے علاج کیلئے فنڈز نہیں ہیں اس لئے صرف تین شعبوں میں مفت علاج بحال کیا گیا ہے۔ باقی امراض کاعلاج صحت کارڈ پلس پروگرام کے تحت فی الحال معطل رہے گا۔

مزید پڑھیں:  وزیراعظم کی سیٹلائٹ بھجوانے پر قوم اور سائنسدنوں کو مبارکباد