پشاور، گیس قیمتوں میں اضافہ پر سی این جی ایسوسی ایشن سراپا احتجاج

ویب ڈیسک: آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے گیس کی قیمتوں میں حالیہ ہونے والے اضافے کو یکسر مسترد کر دیا۔ فضل مقیم خان صوبائی چیئرمین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ گیس ٹیرف میں ظالمانہ اضافہ کیا گیا ہے، وفاقی حکومت ظلم کررہی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ آپ پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کی جانب سے ہنگامی اجلاس کے بعد یونیورسٹی روڈ پر احتجاج اور دھرنا شروع کر دیا گیا ہے جس میں صوبہ بھر سے سی این جی پمپ مالکان اور ورکرز شریک ہیں۔
مظاہرین کی جانب سے وفاقی نگران حکومت کے خلاف شدید نعرے باری کی گئی اور روڈ بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا۔ صوبائی چیئرمین فضل مقیم خان نے کہا ہے کہ گیس ٹیرف میں اضافہ سی این جی سیکٹر کو ختم کرنے کی سازش ہے، ہم قومی خزانے کو لاکھوں ڈالر کا ریوینیو دیتے ہیں پھر بھی سی این جی سیکٹر کو ختم کرنے کی سازش جاری ہے۔
مظاہرین کا مطالبہ کیا کہ ہمارا صوبہ گیس پیداوار میں خود کفیل ہے، وفاق ظلم کرنا بند کرے، ٹیرف کو کم کیا جائے۔ فضل مقیم خان کا احتجاج کے موقع پر کہنا تھا کہ جب تک وفاقی حکومت مطالبات کو تسلیم نہیں کرتی ہمارا احتجاج و دھرنا جاری رہیگا۔
آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کی جانب سے دھمکی دیتے ہوئے کہا گیا کہ گیس کی قیمت میں فی الفور کمی نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کیا جائیگا۔

مزید پڑھیں:  چترال میں تین روزہ قاقلشت فیسٹیول کا آغاز