خطے میں قیام امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر ممکن نہیں، محمد اعظم خان

ویب ڈیسک: یوم سیاہ کشمیر ریلی کے موقع پر نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج نے کشمیر پر حملہ کرکے وہاں کے مسلمانوں پر ظلم و ستم کا آغاز کیا تھا اور آج تک بھارت کے اس ظلم و ستم کا سلسلہ تھم نہ سکا.
وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے اس کہا کہ اسی مناسبت سے 27 اکتوبر کو کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیا گیا ہے۔ محمد اعظم خان کا کہنا تھا کہ آج کے دن یوم سیاہ منانے کا مقصد کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کی مذمت اور کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے، چند سال قبل بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے کشمیریوں پر ظلم و ستم کے ایک نئے باب کا آغاز کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا یہ اقدام بین الاقوامی قوانین اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، خطے میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر ممکن نہیں۔
نگران وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے، عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور کشمیر کے مسئلے کو پرامن طور پر حل کرنے میں کردار ادا کریں۔
محمد اعظم خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے ہمیشہ کشمیری عوام کا ساتھ دیا ہے اور دیتے رہیں گے، ہم آزادی کی جدوجہد میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

مزید پڑھیں:  ہمارا تعلیمی نظام موجودہ حالات کے تقاضوں کے مطابق نہیں، سرفراز بگٹی