ٹانک، پولیس موبائل کے قریب دھماکا، 5 افراد جاں بحق،21 زخمی

ویب ڈیسک: ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹانک اڈ ہ کے قریب پوند بازار میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا جس سے 5 افراد جاں بحق جبکہ 21 پولیس اور سول افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ٹانک اڈہ پر ایلیٹ فورس کی نفری لے جانے والی گاڑی کو نامعلوم افراد کی طرف سے نشانہ بنایا گیا جس سے 5 افراد جاں بحق جبکہ 21 افراد بشمول پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ ڈی آئی خان پولیس کی نفری اور امدادی ٹیمیں دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو1122 اور پولیس کی امدادی ٹیموں نے امدادی کاروائیاں کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کردیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے دونوں بڑے ہسپتالوں میں ایمرجنسی بھی نافذ کر دی گئی۔
دھماکا کے بعد زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا تو اس دوران نامعلوم افراد کی جانب سے ہسپتال میں موجود پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی۔
واقعہ کے فوری بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ واضح رہے کہ پولیس لائنز ڈیرہ اسماعیل خان سے ایلیٹ فورس کی نفری ٹکواڑہ چیک پوسٹ کے لیے جا رہی تھی کہ ٹانک اڈہ کے قریب پولیس وین کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ڈیرہ اسماعیل خان کے مطابق ریسکیو 1122 ڈیرہ کی چھ ایمبولینسوں اور 20 اہلکاروں نے آپریشن میں حصہ لیا۔ دھماکا پولیس کانوائے کے قریب ہوا جس میں 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل کے حساس تنصیبات پر حماس کا کامیاب وار