ورلڈ کپ کا 40 واں میچ انگلینڈ کے نام، نیدرلینڈز کو 160 رنز سے شکست

ویب ڈیسک: آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے 40 ویں میچ میں انگلینڈ نے مدمقابل ٹیم نیدر لینڈز کو 160 رنز سے شکست دیدی۔ ذرائع کے مطابق بھارت کے شہر پونے میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے 40 ویں میچ میں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
انگلش ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنائے۔
انگلینڈ کے اوپنرز آج بھی ٹیم کو بڑا آغاز دینے میں ناکام رہے اور جونی بیراسٹو 15 جبکہ جو روٹ 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ہیری بروک 11، کپتان جوز بٹلر 5، معین علی 4 رنز ہی بنا سکے۔
انگلش بلے باز بین سٹوکس اور ڈیوڈ ملان کی ذمہ دارانہ بلے بازی نے ٹیم کو اچھے سکور کی جانب تحریک دی، سکور آگے اسی جوڑی نے بڑھایا، بین سٹوکس نے 108 رنز جبکہ ڈیوڈ ملان نے 87 رنز جوڑے۔ انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے بھی 51 رنز کی اچھی اننگز کھیلی۔
نیدرلینڈز کی جانب سے باس ڈی لیڈز نے3، آرین دت اور لوگن وین بیک نے 2،2 جبکہ پال وین میکرن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
نیدرلینڈز نے 340 رنز کے تعاقب میں جم کر کھیلنے کی کوشش کی لیکن ان کی پوری ٹیم 38 ویں اوور میں 179 رنز پر سمٹ آئی۔ برطانوی ٹیم کے بولر عادل رشید اور معین علی نے 3،3 جبکہ ڈیوڈ ولی نے 2 اور کرس ووکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید پڑھیں:  حماس کے حملے میں 3اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے