ایران کا 33 ممالک کے سیاحوں کے لیے ویزا شرائط ختم کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: ایران کے ثقافتی ورثہ، سیاحت اور دستکاری کے وزیر عزت اللہ زرغامی نے کہا ہے کہ کابینہ نے یکطرفہ طور پر مزید 33 ممالک کے سیاحوں کے لیے ویزا شرائط منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے عزت اللہ زرغامی نے کہا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد سیاحت کے شعبے کو ترقی دینا اور دنیا بھر کے ممالک سے زیادہ سیاحوں کو اس جانب راغب کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاحت کو فروغ دینے کی کوششیں ایرانوفوبیا کی مہم کو بھی بے اثر کر سکتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایران کی جانب سے جن 33 ممالک کے سیاحوں کے لیے ویزا شرائط ختم کی گئی ہیں ان ممالک کی فہرست میں بھارت، روسی فیڈریشن، متحدہ عرب امارات، بحرین، سعودی عرب، قطر، کویت، لبنان، ازبکستان، کرغزستان، تاجکستان، تیونس، موریطانیہ، تنزانیہ، زمبابوے، ماریشس، سیشلز، انڈونیشیا، برونائی، جاپان، سنگاپور، کمبوڈیا ، ملائیشیا، ویتنام، برازیل، پیرو، کیوبا، ریاستہائے متحدہ میکسیکو، وینزویلا، بوسنیا ہرزیگووینا، سربیا، کروشیا اور بیلاروس کے نام شامل ہیں۔
یاد رہے کہ ایران کی جانب سے یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب ایران نے ترکی، آذربائیجان، عمان، چین، آرمینیا، لبنان اور شام کے سیاحوں کے لیے ویزا شرائط ختم کرنے کا پروگرام ترتیب دے رکھا تھا۔
حالیہ جاری ہونیوالے اعداد و شمار کے مطابق ایران میں رواں سال کے پہلے آٹھ مہینوں (21 مارچ سے) کے دوران ایران میں غیر ملکی سیاحوں کی تعداد 4.4 ملین تک پہنچ گئی جو کہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 48اعشاریہ 5 فیصد زیادہ ہے۔

مزید پڑھیں:  دیر بالا میں فائرنگ سے خاتون قتل