مہنگائی سے نجات

ن لیگ نے مہنگائی سے نجات کیلئے حکمت عملی طے کرلی

ویب ڈیسک :مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس ‘عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لئے معاشی منصوبوں کے حوالے سے حکمت عملی طے کرلی گئی۔
ترجمان مریم نواز کے مطابق لاہور میں سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے قائد نواز شریف کا معاشی ماہرین کے ساتھ اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں شہباز شریف بھی شریک ہوئے، اجلاس میں ملکی معاشی مسائل کے حل کے لیے اصلاحات اور تجاویز پر غور ہوا۔
اجلاس میں عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لئے معاشی منصوبے کو حتمی شکل دینے کے علاوہ توانائی بحران کے خاتمے، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کے نکات طے ہوئے۔
ٹیکس اصلاحات، زراعت، صنعت اورآئی ٹی کی ترقی کے لیے مراعات پر مبنی پیکج تیارکرلیا گیا جبکہ روزگار کی فراہمی اور نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لیے پالیسی نکات مرتب کیے گئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ زراعت کے لیے خصوصی رعایت پر شمسی توانائی میں مراعات کا تعین بھی پیکج میں شامل ہے‘ گھریلو صارفین کو بجلی کی فراہمی میں بڑی مراعات کا تعین بھی پیکج میں شامل کیا گیا‘ تعلیم، صحت اور انفرااسٹرکچر کے لیے بڑے منصوبوں کی ترجیحات بھی طے کی گئیں۔
ترجمان کے مطابق اجلاس میں مجموعی معاشی سرگرمیوں کو مرحلہ وار بڑھانے پر اتفاق ہوا، معاشی منصوبہ ماہرین کی تجاویز کی روشنی میں طے کیا گیا، شرح سود میں کمی، صنعتوں اور برآمدی شعبے کے لیے اصلاحات کے اصول بھی مرتب ہوئے۔

مزید پڑھیں:  غزہ پر کنٹرول، اسرائیلی وزیر دفاع اپنی ہی حکومت پر برس پڑے