ملک نے سیکولر سٹیٹ کا روپ دھار لیا ہے ،مولانا فضل الرحمن

ویب ڈیسک :جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک نے سیکولر سٹیٹ کا روپ دھار لیا ہے‘انتخابات میں ووٹ کا درست استعمال کرکے اپنا مستقبل خود تراشنا ہوگا۔
انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بنے 75 سال ہو گئے، یہ ملک لا الہ اللہ کے نام پر بنا، اس ملک میں ایک بھی کام شریعت کے مطابق نہیں، وطن عزیز کو قرآن و سنت کا نظام چاہئے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ یہ ہمیں ریاست مدینہ کا بتاتا ہے، روز روز تجربے کرنے کا وقت نہیں رہا، آپ کے ہاتھ میں پرچی آئے گی، پرچی پر کتاب کا نشان ہو گا، آج نشان کتاب ہے کل ملک کے اندر نظام بھی کتاب اللہ کا ہو گا، قرآن و سنت کا نام لیتے ہیں تو لوگ مذاق اڑاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں غربت اور مہنگائی ہے، گھروں میں غربت ناچ رہی ہے، اس ملک میں ایسا حکمران دیکھا جس نے معیشت کی پوری عمارت گرا دی، فتنے کے دور میں معیشت زیرو پر چلی گئی، فحاشی عام کر دی گئی، اس فتنے کو شرم آنی چاہئے‘اسی لئے تو 75 سال سے اس ملک کا یہ حال ہے، آئین تقاضا کرتا ہے کہ آئین قرآن و سنت کے مطابق بنے، آپ کے ووٹوں سے اسمبلیاں ان لوگوں سے بھر جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2018ءمیں دھاندلی کی گئی، دھاندلی کے نتیجے میں ناجائز حکمران اس ملک پر براجمان ہوا، اگر کوئی دھاندلی کر کے سمجھتا ہے کہ ہم جمیعت کی سیٹیں چھین لیں گے تو ہم بھی یہیں ہیں‘ہمارا کسی سے کوئی اتحاد نہیں، ہم نے مقامی تنظیموں کو اجازت دی ہے کہ وہ اتحاد کر سکتی ہیں۔

مزید پڑھیں:  فیصل واوڈا اور مصطفی کمال توہین عدالت کے مرتکب ہیں، حکم نامہ جاری