نواز شریف

نیا پاکستان کرتے کرتے پرانا پاکستان بھی تباہ کردیا، نواز شریف

ویب ڈیسک: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ نیا پاکستان کرتے کرتے پرانا پاکستان بھی تباہ کردیا۔
انہوں نے سوات میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے لوگ ایک شخص کے جال میں پھنس گئے، عوام کے جذبات سے کھیلا گیا، بتاؤ عوام سے جھوٹے وعدے کیوں کئے تھے؟
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ حساب دینا ہوگا، مجھے یا شہبازشریف کو موقع ملتا تو کے پی سب سے خوبصورت صوبہ ہوتا، جن کو آپ آزما چکے ہیں ان کو آزمانا ٹھیک نہیں۔
پاکستان مسلم لیگ سوات میں پاور شو کر رہی تھی، جہاں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے قائد نواز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا والو ایک شخص جو یہاں سے ایکسپورٹ ہوا آپ اس کے جال میں پھنسے ہیں۔
اس نے آپ سے جھوٹے وعدے کیے، آپ کو ایک کروڑ نوکریاں دینا، 50 لاکھ گھربنا کر دینا، 300 ڈیم بنانا اور ایک ارب درخت لگانے کا وعدہ کیا، دل سے بتاؤ کہ ان میں سے کوئی ایک وعدہ بھی پورا ہوا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ یہاں ہزاروں کا مجمع ہے جس میں نوجوان ہی نوجوان دکھائی دے رہے ہیں، ان سے پوچھتا ہوں کہ کیا آپ کو 50 لاکھ گھروں میں سے کوئی ایک گھر ملا ہے؟ خیبرپختونخوا والو آپ کو سوچنا چاہئے تھا آپ کیوں اس شخص کے دھوکے میں آئے؟
نواز شریف نے کہا کہ آپ نے ایسے شخص کو چنا جس نے آپ کو بھی پھنسایا اور ملک کو بھی پھنسا دیا، آپ سے یہی گزارش کرنے آیا ہوں کہ جن کو پہلے آزمایا ہوا ہے ان کو بار بار آزمانہ ٹھیک نہیں ہے۔

مزید پڑھیں:  عوام کو بجلی کا جھٹکا، یونٹ 7 روپے مزید مہنگا ہونےکاامکان