جمرود، فاٹا انضمام مخالف احتجاجی مظاہرہ، پاک افغان شاہراہ بند

ویب ڈیسک: ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں فاٹا انضمام مخالف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مظاہرین نے پاک افغان شاہراہ بند کر دی۔
ذرائع کے مطابق ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں تاریخی باب خیبر سے جمرود پریس کلب تک فاٹا انضمام مخالف احتجاجی مظاہرہ ہوا اور جمرود پریس کلب تک ریلی بھی نکالی گئی۔
احتجاج کرتے مظاہرین نے پاک افغان شاہراہ کو احتجاجاً ہر قسم ٹریفک کے لیے بند کردیا۔
فاٹا انضمام مخالف احتجاجی مظاہرے سے فاٹا قومی جرگہ کے ملک بسم اللہ خان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا انضمام بالجبر کیا گیا ہے۔
قبائلی مشران سے کوئی رائے نہیں لی گئی تھی جو وعدے ہم سے کیے گئے تھے وہ ایفا نہیں ہوئے۔
اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ قبائلی علاقوں سے پٹوار سسٹم کا خاتمہ کرکے قبائیلی رسم و رواج کو بحال کردیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ قبائیلی علاقوں کے اپنی رسم و رواج ہیں جن کی بدولت سارے مسائل خوش اسلوبی سے حل کئے جاتے ہیں۔
مقررین نے کہا کہ چونکہ انضمام قبائل کے مشورے کے بغیر کیا گیا ہے اور انضمام کے وقت کئے گئے وعدوں پر عمل بھی نہیں ہوا بلکہ فاٹا کے وسائل پر ڈاکہ ڈالا گیا۔
مظاہرین کا کہنا تھاکہ فاٹا انضمام کے وقت کئے گئے وعدوں کے برعکس ہر قسم کا ٹیکس لاگو کئا گیا۔ دوسری جانب انضمام سے فاٹا کے مسائل حل یا کم نہیں ہوئے بلکہ مزید بڑھ گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  9 مئی کو پرامن احتجاج کریں گے، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر