ضمنی انتخابات، خیبر پختونخوا کے چار حلقوں کیلئے 59امیدوار میدان میں

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا سے دو قومی اور دو صوبائی اسمبلی کے حلقوں پر ضمنی انتخابات کیلئے 59امیدوار میدان میں آگئے ۔
امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کردی گئی جن کی جانچ پڑتال کا عمل شروع کردیا گیا ہے ۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری امیدواروں کی فہرست کے مطابق پی کے 22باجوڑ سے 17امیدوار جبکہ پی کے 91کوہاٹ سے 15امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں ۔
اسی طرح این اے 8باجوڑ سے 8امیدوار اوراین اے 44ڈی آئی خان سے 19امیدوار میدان میں ہیں ڈی آئی خان سے وزیر اعلی کے بھائی فیصل امین گنڈاپور اور مولانا فضل الرحمن کے بھائی ضیاالرحمن کے درمیان مقابلہ متوقع ہے ۔
باجوڑ میں پی ٹی آئی کو اپنے ہی شہید کارکن ریحان زیب کے بھائی کا مشکل چیلنج درپیش ہوگا ،عوامی نیشنل پارٹی ، جماعت اسلامی اور جمعیت علمااسلام کے امیدوار بھی میدان میں ہیںان حلقوں پر پولنگ 21 اپریل کو ہونگے ۔
کاغذات کی جانچ پڑتال 21 مارچ تک ہوگی کاغذات کی منظوری اور مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 25 مارچ تک داخل کی جاسکیں گی ۔
اپیلوں پر فیصلے 28 مارچ تک کئے جائینگے 28 مارچ کو نظرثانی شدہ فہرست جاری کی جائیگی ۔
امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 29 مارچ تک واپس لے سکیں گے 30 مارچ کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کرکے انہیں نشانات الاٹ کئے جائینگے۔

مزید پڑھیں:  حکومت وعدے ایفا کرے، مالاکنڈ کے عوام پر ٹیکس کا نفاذ زیادتی ہے، جنید اکبر خان