پشاور، کورکمانڈر ہاوس میں کابینہ کا کوئی اجلاس نہیں ہوا، بیرسٹر سیف

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کور کمانڈر ہاوس میں صوبائی کابینہ اجلاس بارے افواہیں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کورکمانڈر ہاوس میں کابینہ کا کوئی اجلاس منعقد نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس وزیر اعلی کی زیر صدارت منعقد ہوتا ہے اور وہی کابینہ کا اجلاس بلاسکتے ہیں۔
بیرسٹر سیف نے اس حوالے سے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ الیون کور میں کابینہ ممبران کو افطار دعوت دی گئی تھی جسے اسلامی روایات کے مطابق قبول کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ افطاری کے بعد الیون کور میں کابینہ ممبران کو صوبہ میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ الیون کور میں سیکورٹی معاملات کے حوالے سے سپیشلائزڈ بریفنگ روم مختص ہے اس لئے کابینہ ممبران وہاں گئے۔
مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ سیکیورٹی صورت حال قابو کرنا حکومت اور اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کیساتھ ہماری طویل بارڈر ہے جہاں سیکیورٹی اداروں پر بھاری زمہ داریاں عائد ہوتی ہے۔ چند لوگ جھوٹی افواہیں پھیلا کر صوبے میں اپنی سیاست دوبارہ زندہ کرنے کی ناکام کوششیں کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  جے یو آئی آج پشاور میں پاور شو کا مظاہرہ کریگی، تیاریاں تیزی سے جاری