سیاحوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی، عیدالفطر پر ٹورازم سٹاف کی چھٹیاں منسوخ

ویب ڈیسک: وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت، ثقافت، آثارقدیمہ و عجائب گھر زاہد چن زیب نے عیدالفطر کے پیش نظر سیاحتی علاقوں میں تعینات ٹورازم پولیس کے اہلکاروں اور ٹورازم سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دیں۔
اس حوالے سے انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی طرف سے قائم سیاحتی سہولت مراکز اور ٹورازم پولیس عیدالفطر کے دوران سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی۔
صوبائی مشیر سیاحت زاہد چن زیب نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ہدایات کے تحت صوبائی حکومت عیدالفطر پر سیاحوں کو ہرممکن سہولیات مہیا کریگی۔ اس سلسلے میں تمام علاقائی سیاحتی اتھارٹیز کو بھی ہدایت کر دی گئی ہے۔
اجلاس میں انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات پر ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے ٹورازم پولیس اور ریسکیو 1122 کے اہلکار ہمہ وقت ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاح اپنے سفر سے قبل ٹورازم ہیلپ لائن 1422 پر رابطہ کرکے اپنا ٹور پلان بنا سکتے اور راستوں کی معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ عید الفطر پر محکمہ ٹورازم کی جانب سے سٹاف اور پولیس کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں.

مزید پڑھیں:  انتخابات کے ذریعے وجود میں آنے والی اسمبلیاں جعلی ہیں، مولانا فضل الرحمان