اشاروں پر چلنے والوں سے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ اشاروں پر چلنے والوں سے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں، ہمیں معلوم ہے کہ حکومت کون کر رہا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن اور وزیراعلیٰ نے کہا کہ جہاں بات کرنی ہو گی، کریں گے۔ انہوں نے کہ بھی کہا کہ مذاکرات ہوں گے تو بانی پی ٹی آئی سے گائیڈ لائن لیں گے۔
مخصوص نشستوں پر عدالتی فیصلہ پر علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ پاکستان میں لاقانونیت کا سلسلہ ٹوٹ گیا جو کہ خوش آئند بات ہے۔ ملک بھر میں ہاتھ سے جانیوالی 77 سے زائد نشستیں اب ہمیں واپس مل جائیں گی۔ ان کے پاس دوتہائی اکثریت آجاتی تو نہ جانے یہ کیا گل کھلاتے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے 9 مئی کے حوالے سے کہا کہ اس دن ہر حلقے میں ریلیاں نکالیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مقصد حکومت نہیں نظریہ اور تبدیلی کی تحریک ہے، 9 مئی میں سب سے زیادہ نقصان ہمارا ہوا ہے، ہم ہر حلقے میں 9 مئی کو ریلی اور جلسہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے پر فوج اور پولیس کو سلام پیش کرتا ہوں، اس جنگ میں ہمارے 1600 ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں اور ایک دھیلا نہیں ملا۔
علی امین گنڈاپور نے پنجاب کے کسانوں کے مسئلے کا حل بتاتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کو گندم چاہیے، پنجاب کے کسان آئیں اور گندم 3900 روپے میں دیں۔

مزید پڑھیں:  اپنے موقف پر کھڑا ہوں،پیچھے نہیں ہٹوں گا، فیصل واوڈا