نصیرت کیمپ پر اسرائیلی بمباری

نصیرت کیمپ پر اسرائیلی بمباری، 17 فلسطینی شہید

غزہ میں صیہونی مظالم بدستور عروج پر ہیں، نصیرت کیمپ پر اسرائیلی بمباری سے مزید 17 فلسطینی جام شہادت نوش کر گئے۔
ویب ڈیسک: غزہ میں صیہونی مظالم کم ہونے میں نہیں آ رہیں، ہر جانب آگ اور بارود کی بو پھیل گئی۔ نصیرت کیمپ پر اسرائیلی بمباری سے مزید 17 فلسطینی جام شہادت نوش کر گئے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نصیرت کیمپ میں بے گھر فلسطینیوں کو ایک سکول میں پناہ دی گئی تھی جس پر دھاوا بول کر اسرائیلی افواج نے انتہائی سنگ دلی کا مظاہرہ کیا۔
اسرائیلی افواج کی جانب سے نصیرت کیمپ میں پناہ گزینوں کے سکول پر بمباری سے مزید 17 فلسطینی شہید جبکہ 80 سے زائد زخمی ہوگئے۔
رپورٹس میں بتایا گیاہے کہ اسرائیلی افواج نے غزہ شہر اور المغازی پر شدید بمباری کی جبکہ شاتی کیمپ میں مسجد کو بھی نشانہ بنایا۔ ان حملوں ثابت ہو رہا ہے کہ صیہونی فلسطینیوں کی نسل کشی کے فارمولے پر گامزن ہیں۔
حماس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان کی جماعت غزہ کی پٹی پر حالیہ اسرائیلی حملوں کے بعد جنگ بندی کے مذاکرات سے پیچھے نہیں ہٹی ہے۔ خان یونس کے مغربی علاقے میں المواصی کے قتل عام کے جواب میں حماس کی طرف سے مذاکرات روکنے کے فیصلے کے بارے میں کچھ میڈیا میں بے بنیاد خبریں آئی ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ المواصی کیمپ پر حملے میں حماس کمانڈر رافع سلامہ شہید ہوئے۔ اسی روز بتایا گیا کہ المواصی کیمپ پر اسرائیلی بمباری سے 90 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوئے تھے۔
حماس نے المواصی حملے میں اپنے کسی کمانڈر کی شہادت کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے اسے اسرائیلی پراپیگنڈا قرار دیدیا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی حملوں سے 24 گھنٹوں میں مزید 150 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے، اس کے ساتھ ہی شہدا کی مجموعی تعداد 38 ہزار 443 سے تجاوز کر گئی جبکہ 88 ہزار 481 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

مزید پڑھیں:  بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے، علی امین گنڈاپور