ترکیہ اور قطر کی شدید مذمت

اسماعیل ہنیہ شہادت، فلسطینی صدر سمیت روس، ترکیہ اور قطر کی شدید مذمت

ویب ڈیسک: حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر فلسطینی صدر سمیت روس، ترکیہ اور قطر کی شدید مذمت، اسرائیلی اقدام کو بزدلانہ فعل قرار دیدیا۔
ذرائع کےمطابق حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ردعمل دیتے ہوئے فلسطینی صدر محمود عباس نے اسے ایک بزدلانہ حملہ اور خطرناک عمل قرار دیا، انہوں نے اس واقعہ کی شدید مذمت کرنے سمیت فلسطینی عوام سے متحد ہونے کی اپیل کر دی۔
قطرکی جانب سے تہران میں حماس سربراہ کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کا قتل اور غزہ میں عام شہریوں پر اسرائیلی حملوں سے کشیدگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی کوششیں سبوتاژ کرنے کی ہی کوشش ہے۔
ترک وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایک بار پھر ثابت ہو گیا کہ نیتن یاہو کو امن میں کوئی دلچسپی نہیں، اس موقع پر دیگر ممالک پر بھی زور دیا گیا کہ اسرائیل کیخلاف متحد ہو جائیں کیونکہ اگر اسرائیل کو نہ روکا گیا تو اس سے خطے میں مزید بڑے تنازعات کا سامنا ہوگا۔
روسی وزارت خارجہ کے ایک نمائندے نے کہا کہ یہ ایک ناقابل قبول سیاسی قتل ہے اور یہ خطے میں موجودہ تناؤ میں مزید اضافہ کرے گا۔ اس حوالے سے کی جانیوالی جنگ بندی کی کوششیں بھی دم توڑ گئی ہیں۔
یاد رہے کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر فلسطینی صدر کے علاوہ روس، ترکیہ اور قطر کی شدید مذمت سمیت دیگر ممالک سے بھی بیانات سامنے ‌آ رہے ہیں.

مزید پڑھیں:  پولیس چالان، ٹول ٹیکسز میں اضافے کیخلاف ٹرانسپورٹرز سراپا احتجاج