حماس سربراہ کے چناؤکا عمل

اسماعیل ہنیہ کی شہادت، نئے حماس سربراہ کے چناؤکا عمل شروع

ویب ڈیسک: ایران میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے نئے سربراہ کے چنائو کا عمل شروع کر دیاگیا۔
خالد مشعل اور خلیل الحیا سمیت متعدد رہنمائوں کے نام نئے سیاسی سربراہ کے طور پر لیے جا رہے ہیں۔
حماس نے اسماعیل ہنیہ کے متبادل کے لیے مشاورت کا عمل شروع کر دیا ہے تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ عمل کب تک مکمل ہو گا۔
العربیہ نے غزہ پر کنٹرول کرنے والی فلسطنی تنظیم کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ حماس کے سرکردہ رہنما یحییٰ الصنوار نے خالد مشعل کے بجائے خلیل الحیا کو حماس کے سیاسی ونگ کا سربراہ نامزد کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یحییٰ الصنوار چاہتے ہیں کہ حماس کے سیاسی ونگ کا سربراہ ایسا فرد ہونا چاہیے جس کے ایران اور شام کے ساتھ اچھے تعلقات ہوں۔
حماس ذرائع کے مطابق یحییٰ الصنوار کا کہنا ہے حماس کا موجودہ سربراہ عارضی ہو گا اور تنظیم کے مستقل سربراہ کا فیصلہ آنے والے مہینوں میں ہونے والے انتخابات میں ہو گا۔
واضح رہے کہ اسماعیل ہنیہ کو 31جولائی کو تہران میں میزائل حملے میں شہید کیا گیاتھا
ایران کی جانب سے حملے کا الزام اسرائیل اور امریکا پر عائد کیا گیا ہے تاہم اسرائیل کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا۔

مزید پڑھیں:  سیالکوٹ میں گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ ،7افراد جاں بحق