نیب ترامیم کے معمار

کئی نیب ترامیم کے معمار عمران خان خود تھے: تفصیلی فیصلہ

ویب ڈیسک: سپریم کورٹ نے نیب ترامیم سے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کئی ترامیم کے معمار پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان خود تھے ۔
سپریم کورٹ کی جانب سے نیب ترامیم سے متعلق کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیاگیا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے تحریر کیے گئے متفقہ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نیب قانون سابق آرمی چیف پرویز مشرف نے زبردستی اقتدار میں آنے کے 34دن بعد بنایا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ پرویز مشرف نے آئینی جمہوری آرڈر کو باہر پھینکا اور اپنے لیے قانون سازی کی۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ پرویز مشرف نے اعلی عدلیہ کے ان ججز کو ہٹایا جنہوں نے غیر آئینی اقدام کی توسیع نہیں کی۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مشرف دور میں بنائے گئے قانون کے دیباچہ میں لکھا گیا کہ نیب قانون کا مقصد کرپشن کا سدباب ہے، جن سیاستدانوں یا سیاسی جماعتوں نے پرویز مشرف کو جوائن کیا انہیں بری کردیا گیا، نیب قانون کا اصل مقصد سیاستدانوں سے سیاسی انتقام یا سیاسی انجینئرنگ تھا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ سپریم کورٹ کو قانون سازی کو جلد ختم کرنے کے بجائے اس کو بحال رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
اگر کسی قانون کی دو تشریحات ہوں تو قانون کے حق میں آنے والی تشریح کو تسلیم کیا جائے گا۔
سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ درخواست اور سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین کے مطابق نہیں، موجودہ مقدمے میں بھی ترامیم غیر آئینی ہونے کے حوالے سے ہم قائل نہیں ہو سکے۔
مزید کہا گیا کہ ترامیم میں سے بہت سی ترامیم کے معمار عمران خان نیازی خود تھے، بانی پی ٹی آئی نے نیک نیتی سے درخواست دائر نہیں کی۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس 18 ستمبر کو طلب، 35 نکاتی ایجنڈا زیر غور آئیگا