پولیس والے جلسےکا سامان دیں

پولیس والے جلسےکا سامان دیں یا نہ دیں ہم جلسہ کریں گے، علی امین گنڈاپور

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے جلسہ گاہ سے سامان ترنول تھانے لے جانے کے حوالے سے کہا کہ پولیس والے جلسےکا سامان دیں یا نہ دیں ہم جلسہ کریں گے۔
8 ستمبر کے جلسے کے حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ اطلاع ملی ہے کہ پہلے اسلام آباد میں جلسے کی جگہ تبدیل کی گئی، بعد میں پولیس والے جلسے کا سامان بھی ترنول تھانے لے گئے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرا واضح پیغام ہے ہمارا سامان واپس کرو اور جو جگہ بتائی گئی ہے وہاں سامان لگانے دو، ورنہ تو میں سامان بھی لگاؤں گا اور جلسہ بھی کروں گا۔
علی امین گنڈاپور نے ترنول تھانے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ترنول تھانے والوں سن لو اور یہ جو آپ کو حکم دے رہے ہیں وہ بھی سن لیں، میں جلسے کے بعد ترنول تھانے جاؤں گا اور سامان وصول کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملک کسی کے باپ کی جاگیر نہیں، کہ پہلے این او سی دی جاتی ہے اور پھر جگہ تبدیل کر دی جاتی ہے، یہ ڈرامے بازی بند ہونی چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس والے جلسےکا سامان دیں یا نہ دیں ہم جلسہ کر کے رہیں گے، یہ ہمارے لیڈر کا ظرف ہے کہ حالات کی نزاکت کے پیش نظر جلسہ ملتوی کیا گیا، میرا واضح پیغام ہے ، پوری قوم سن لے میں سامان بھی لے کر آؤں گا اور جلسہ بھی کروں گا، سب نے جلسے میں شرکت کرنی ہے۔
آپ اجازت دین یا نہ دیں، پولیس والے جلسےکا سامان دیں یا نہ دیں ہم جلسہ کریں گے، اور ترنول تھانے سے سامان بھی واپس لائِیں گے۔

مزید پڑھیں:  وفاقی کابینہ کا آج ہونے والا اجلاس موخر کردیا گیا