خالدہ ضیاء طرز رہائی کاخواب

سسٹم کی خواہش اور کوشش اگر عمران خان کو چند برس تک جیل میں رکھ کر منظر سے مائنس کرنے کی تھی تو سنگجانی جلسہ نے انہیں بیرون ملک بھیج کر مائنس کرنے کی کوشش کی طرح اسے بھی ناکام بنا دیا ہے۔عمران خان کو منظر سے غائب کر کے ملک میں استحکام کا تاثر قائم کرنے اور معیشت کو عارضی سنبھالا دینے کا یہ خواب اس صورت میں بھی پورا ہوتا دکھائی نہیں دیتا ۔عمران خان ملک سے باہر چلے جاتے تو وہ خاموش ہو کر بیٹھ نہیں جاتے روز ان کا کسی نہ کسی عالمی ٹی وی چینل پر انٹرویو چل رہا ہوتا اور اگر وہ جیل میں بھی رہیں گے تو باہر کی فضائوں میں ان کا نام ان کے عشاق کے لبوں پر مچلتا اور صدائے احتجاج بن کر بلند ہوتا رہے گا ۔اس احتجاج کا لب ولہجہ کیا ہوگا ؟یہ سنگجانی جلسہ کے دوران تقریروں نے بتادیا ہے۔اس ماحول اس لہجہ ودہن کے اور اس انداز کی سرگرمیوں کے ساتھ ملک میں استحکام آئے گا یہ محض خودفریبی ہی کہلا سکتا ہے ۔ملک میںا ستحکام لانے کا یہ طریقہ بہت پہلے ہی عمل کی بساط پر پِٹ گیا تھا ۔ایسا نہ ہوتا تو اول تو انتخابات ملتوی کرنے کی ضرورت ہی پیش نہ آتی اور دوئم یہ کہ انتخابات کے نتائج کے ساتھ فارم پنتالیس اور سنتالیس کی کاریگری کرنے کی کی نوبت نہ آتی ۔ملک کے درجنوں ٹی وی چینل ،اخبارات ،موٹیویشنل سپیکروں کی بارات ،ٹی وی اینکروں کی برسات بیانیہ سازی کی ہمہ وقت مشینیں بن کر بھی دوسال سے زیادہ عرصے سے منظر کو بدل سکے ہیں نہ رائے عامہ کے ایک فیصد حصے کو متاثر کر سکے ہیں ۔انہی لوگوں کا دعویٰ یہ ہوتا تھا کہ یہ رائے عامہ بناتے بھی ہیں اور رائے عامہ کی لہروں پر تیرتے بھی ہیں ۔میاں نوازشریف جب ووٹ کو عزت دینے کی دنیا میں بستے تھے تو انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا تھا اگر چار پانچ بڑے ٹی وی چینل اورچند صحافی ان کے ہم نوا بن جائیں تو رائے عامہ تبدیل ہو سکتی ہے اور ووٹ کو عزت دو کی منزل قریب آسکتی ہے ۔ قسمت کی ستم ظریفی دیکھئے یہ چار پانچ تو کیا درجنوں چھوٹے بڑے ٹی وی چینل ان کے ساتھ ہیں مگر وہ رائے عامہ کو متاثر کرنے کی صلاحیت سے محروم ہو چکے ہیں ۔ایسے میں عمران خان کو منظر سے مائنس کرکے استحکام کی خواہش پوری ہونے کا دور دور تک کوئی امکان نہیں رہا ۔ سنگجانی جلسے میں مقررین کا پیغام اور لہجہ ایسا تھا کہ ایسے حالات پیداہوں گے کہ لوگ بنگلا دیش کو بھول جائیں گے ۔بنگلا دیش میں حالیہ انقلاب نے نہ صرف پندرہ سال سے اقتدار پر قابض شیخ حسینہ کو ملک سے بھاگنے پر مجبور کیا بلکہ سسٹم کو تلپٹ کر دیا ۔کل کے ظالم آج مفرور ہوگئے اور کل کے مظلوم آج حاکم بنتے نظر آرہے ہیں ۔ خالدہ ضیاء سمیت برسوں سے سڑھنے والے سیکڑوں قیدیوں کے لئے جیل کے پھاٹک کھل رہے ہیں اور کچھ آزاد انسانوں کا جیل کے در دیوار بے تابی سے انتظارکر رہے ہیں ۔ان میں بیتے کل کی مطلق العنان حکمران حسینہ واجد بھی شامل ہیں ۔بنگلا دیشی طلبہ کے انقلاب کے ذریعے قید سے آزاد ہونے والوں میں سب سے نمایاں نام خالدہ ضیاء کا ہے ۔خالدہ ضیاء کو طاقت کے ذریعے انتخابی اکھاڑے سے نکال باہر کیا گیا تھا ۔انہو ں نے احتجاج کرنے کی کوشش کی تو شیخ حسینہ حکومت نے خالدہ ضیاء کو جیل میں ڈال دیا ۔وہ اپنے تئیں انہیں جیل میں ڈال کر بھول ہی چکی تھیں ۔بھارت ان کے ساتھ تھا ملک کی فوج اور عدلیہ ان کے ہاتھ میں تھی اور عوامی لیگ کا اچھا خاصا لیڈر ان کے گرد تھے ۔ایسے میں وہ کسی بھی مخالفانہ آواز کو پرکاہ برابر اہمیت دینے کو تیار نہیں تھیں ۔اس یک جماعتی آمریت کے نیچے بارود کا ایک ڈھیر تھا ،جب بھی بنگلادیشی عوام کو حسینہ حکومت کے عتاب کا نشانہ بن کر پھانسی پانے والے کسی راہنما کی نماز جنازہ پڑھنے کا موقع ملتا تو ایک ہجوم بیکراں عوامی جذبات کے بارود کی عکاسی کرتا ۔پھر اچانک بارود کے اس ڈھیر میں طلبہ احتجاج کی چنگاری بھڑک اُٹھی اور چند ہفتوں میں ہی سار ا منظر بدل گیا ۔حسینہ واجد ملک کی سرحدوں سے باہر اور ان کی سب سے معروف قیدی خالدہ ضیاء عوامی سیلاب کی لہروں پر اپنی ویل چیئر پر بیٹھی جیل سے باہر نکل رہی تھیں ۔یہ الگ بات جب خالدہ ضیاء اس قید میں گئی تھیں تو ان کے قویٰ مضبوط اور جسمانی حالت ٹھیک تھی اور وہ اپنے قدموں پر جیل میں گئی تھیں مگر جب جیل کا پھاٹک ان کے لئے کھل گیا تو وہ صحت کی اچھی حالت میں نہیں تھیں ۔عوامی احتجاج نے کل کے ناممکن کو ممکن کر دکھا یا تھا ۔کیا پاکستان میں عمران خان کی رہائی خالدہ ضیاء طرز کے عوامی انقلاب سے ممکن ہوگی یا یہ کام عدلیہ کے ہاتھوں انجام پائے گا؟یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے ۔عوامی انقلاب کی کامیابی کا مطلب اسٹیبشلمنٹ کی گرفت کو توڑنا اور ڈھیلا ہونے پر مجبور کرنا ہے ۔پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایسا کم مواقع پر ہوتا ہے ۔جب بھی کسی فوجی حکمرانی کی طوالت کی وجہ سے اسٹیبلشمنٹ دبائو میںآتی ہے اور جمہوری تحریکیں اس کے واپس دھکیلے جانے کا ماحول بناتی رہی ہیں تو اسٹیبشلمنٹ نے اپنے سربراہ کی قربانی دے کر اس دبائو کا رخ موڑ دیا ہے ۔ایوب خان ،جنرل ضیاء پرویز مشرف تک یہی کچھ ہوتا رہا ہے ۔ اس سے ناپسندیدہ کردار منظر سے ہٹ جاتا ہے اور پریشر ککر سے اچھی خاصی بھاپ نکل جاتی ہے اور یوں اگلے مناظر تراشنے اور تخلیق کرنے میں اسٹیبلشمنٹ سویلین حکومت کے ساتھ پھر سے شریک ِ کار اور اس کی شریک ِمحفل ہو جاتی ہے۔بقول شاعر
شاید مجھے نکال کے پچھتا رہے ہوں آپ
محفل میںا س خیال سے پھر آگیا ہوں میں۔
عمران خان کے کیس میں پہلی بار سب کچھ ماضی کے اُلٹ ہو رہا ہے ۔اسٹیبلشمنٹ طاقت کے سوا جو بھی تدبیر اپناتی ہے کارگر نہیں ہو رہی اور یوںعمران خان کے خلاف طاقت آخری تدبیر ہو کر رہ گئی ہے۔چونکہ عمران خان اپنے حال اور مستقبل سے بے گانہ اور بے نیاز ہو کر طاقت کے آگے سر ِ تسلیم خم کرنے سے انکاری ہیں اس لئے اسٹیبشلمنٹ طاقت کے واحد آپشن کا استعمال کرتے کرتے حالات کی بند گلی میں پہنچ چکی ہے ۔اس پر مستزاد پنجاب کے ساتھ ساتھ خیبر پختون خوااور بیرون ملک بسنے والوں میں ان کی غیر معمولی مقبولیت ہے۔اس مقبولیت کو مینج کرنے کے لئے پنجاب میں استحکام پاکستان پارٹی اورخیبر پختون خوا میں پی ٹی آئی نظریاتی جیسے جو تجربات کئے گئے وہ کاغذ کی کشتیاں بن کر انتخابات سے پہلے ہی عوامی جذبات اور حالات کے پانیوں میں تحلیل ہو کر رہ گئے۔ماضی میں ایسا نہیں ہوا۔جب ایک بار ریت کے کسی گھروندے کو تاج محل قراردیا جاتا تھا تو پھر کچھ وقت کے لئے ہی سہی لوگ اسے تاج محل کہتے لکھتے اور سمجھتے تھے ۔شاید زمانہ بدل گیا ہے۔عمران خان اگر اس کوشش سے آزاد نہیں بھی ہوتے مگر سسٹم کے دن سکون سے گزرنے کا خواب بھی شرمندہ ٔ تعبیر ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔

مزید پڑھیں:  چار اَور ناچتی بدزبانیاں