76177280 df4f 11ea bfef 63f8cf8a9a82 1

صدر ٹرمپ کی پالیسیوں سے امریکی معیشت کو نقصان پہنچا

ویب ڈیسک : ساجد تارڑ نے کہا کہ مسلمان ووٹرز کا جھکائو ری پبلکن پارٹی کی طرف، مسلمان ڈونلڈ ٹرمپ کو ہی ووٹ دیں گے، صدر ٹرمپ کو پاکستان پر اعتماد ہے، امریکہ پاکستان کا دوست ہے، کورونا وائرس کے پھیلائو کا ذمہ دار چین ہے. ڈیموکریٹ رہنما ڈاکٹر انور مسعود نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی پالیسیوں سے امریکی معیشت کو نقصان پہنچا، امیگریشن کے مسائل میں اضافہ ہوا، پاکستان امریکن جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ورجینیا میں گول میز کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں نومبر میں ہونے والے امریکی الیکشن میں مسلمانوں کا کردار زیر بحث آیا۔ کانفرنس میں ریپبلکن پارٹی کے رہنما اور مسلم امریکن فار ٹرمپ کے چئیرمین ساجد تارڑ اور ڈیموکریٹ رہنما ڈاکٹر انور مسعود نے اظہار خیال کیا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مسلم وائس فار ٹرمپ کے سربراہ اور ری پبلکن راہنما ساجد تارڑ کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے عوام سے جو وعدے کیے تھے وہ پورے کیے ہیں اور ملک میں قانون کی بالادستی کے لئے صدر ٹرمپ کو دوبارہ صدر دیکھنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جوبائیڈن پر شدید تنقید کی اور امریکہ میں ہونے والے فسادات کا ذمہ دار ڈیموکریٹس کو قرار دیا۔ انھوں نے صدر ٹرمپ کی امیگریشن پالیسوں کی حمایت کی اور کہا کہ امریکہ ایمیگرینٹس کا ملک ہے اور ری پبلکن نے ہمیشہ ایمیگرینٹس کی حمایت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ ری پبلکن پارٹی کی ہی پالیسیاں ہیں جس کی وجہ سے ایمیگرینٹس کی بہت بڑی تعداد آج امریکہ میں خوشحال زندگی گزار رہی ہے۔ ڈیموکریٹ پارٹی کے رہنما ڈاکٹر انور مسعود نے کرونا وائرس سے ہونے والے جانی نقصان کا ذمہ دار صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹھرایا اور کہا کہ صدر ٹرمپ کی کورونا وائرس کے حوالے سے کوئی پالیسی نہیں ہے۔ فلوریڈا اور کیلیفورنیا میں بیچز کھولنے کی وجہ سے کورونا تیزی سے پھیلا۔ انھوں نے کہا کہ یہ چائنہ وائرس نہیں بلکہ ایک خطرناک موذی وائرس ہے۔ اور امریکہ میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ اس وائرس سے نمٹ سکے۔ انکا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کی پالیسیوں سے امریکی معیشت کو نقصان پہنچا اور امیگریشن کے مسائل میں اضافہ ہوا، لوگ بڑی تعداد میں بے روزگار ہوئے۔ انھوں نے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ اگر ڈیموکریٹ پارٹی کے امیدوار جوبائیڈن انتخابات میں کامیاب ہوئے تو امریکہ کی بگڑی ہوئی معاشی صورتحال کو درست کیا جائیگا۔

مزید پڑھیں:  روسی نائب وزیر دفاع رشوت لینے کے الزام میں گرفتار