پختونخوا عدم اعتماد محمود خان

پختونخوا میں عدم اعتماد آئی تو دن میں تارے دکھادیں گے،محمود خان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہاہے کہ ا للہ کرے کہ اپوزیشن جماعتیں صوبائی حکومت کے خلاف عدم اعتماد لانے کی غلطی کریں تاکہ وہ انہیں دن میں تارے دکھا دیں، جن لوگوں کا آپس میں ایک دوسرے پر اعتماد نہیں وہ دو تہائی اکثریت والی حکومت کے خلاف عدم اعتمادلانے کی بات کررہے ہیں جو کسی لطیفے سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے اراکین اسمبلی عمران خان کے سپاہی ہیں اور وہ نہ بکیں گے اور نہ جھکیں گے۔ خیبرپختونخوا کی غیور عوام ہمیشہ کی طرح ڈٹ کر عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی ،جس بڑی تعداد میں خیبرپختونخوا کی عوام نے 27 مارچ کو اسلام آباد جلسے میں شرکت کی وہ اپوزیشن کیلئے ایک سبق ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے پیر کے روزضلع شانگلہ کی تحصیل چکیسر میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے اسلام آباد جلسے میں بھر پو ر شرکت پر خیبر پختونخوا کی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ خیبرپختونخوا کی عوام نے عمران خان کے حق میں اپنا فیصلہ سنا دیا ہے اور واضح کر دیا ہے کہ خیبرپختونخوا پی ٹی آئی کا گڑھ ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں بیرونی اشاروں پر ایسے وزیراعظم کو گرانے کی کوشش کر رہی ہیں ۔عمران خان وہ وزیراعظم ہیں جس نے ملک کو ایک آزاد خارجہ پالیسی دی، آج قوم جاگ گئی ہے۔ اگر آج دنیا میں گرین پاسپورٹ کی عزت ہے تو وہ عمران خان کی وجہ سے ہے۔مولانا فضل الرحمن 18 سال کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے لیکن ایک بار بھی مسئلہ کشمیر پر بات نہیں کی۔ انہوں نے اسلام کے نام پر صوبے میں پانچ سال حکومت کی ہے وہ بتائیں انہوں نے اسلام کی کیا خدمت کی ہے ؟محمود خان کا کہنا تھا کہ صوبے کے سابق حکمرانوں نے مختلف نعروں سے عوام کوصرف دھوکہ دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہماری حکومت کو ساڑھے تین سال مکمل ہو گئے ہیں لیکن کرپشن کا کوئی سکینڈل نہیں آیا۔ صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی ، سابق صوبائی وزیر عبدالمنعم خان ، تحصیل نظامت کیلئے اُمید وار اختر علی چٹان اور دیگر نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔

مزید پڑھیں:  قبائلی اضلاع کے مسائل حل کرنے کیلئے جرگے بلا رہے ہیں، گنڈاپور