غزہ میں مزید 37 فلسطینی شہید

صیہونیوں کے حملے جاری، غزہ میں مزید 37 فلسطینی شہید

ویب ڈیسک: صیہونیوں کی جانب سے زمینی اور فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران غزہ میں مزید 37 فلسطینی شہید جبکہ 73 زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔
دنیا بھر کے ممالک کی جانب سے کی جانیوالی جنگ بندی اور دیگر کارروائیوں کے باوجود غزہ پر اسرائیلی حملوں کا سلسلہ دھڑلے سے جاری ہے۔
شتر بے مہار کی طرح صیہونی فلسطین میں آگ اور خون کا کھیل آزادی سے کھیل رہے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی افواج کی جانب سے زمینی اور فضائی حملے کے دوران خواتین اور بچوں سمیت غزہ میں مزید 37 فلسطینی شہید اور 73 زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق نصیرت پناہ گزین کیمپ پر صیہونی حملے میں 10 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے، خان یونس میں 4 روزہ صیہونی آپریشن میں 300 فلسطینی جام شہادت نوش کر گئے، اس دوران ان کارروائیوں کے دوران 320 گھروں اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ غزہ پر اسرائیلی بربریت میں 39 ہزار400 فلسطینی شہید اور 90 ہزار 996 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غزہ میں پولیو اور دیگر وبائیں پھوٹ پڑی ہیں، اس سلسلے میں فوری مداخلت ناگزیر ہو چکی ہے، ڈبلیو ایچ او کی جانب سے فلسطینی بچوں تک ویکسین کی رسائی ممکن بنانے کیلئے جنگ بندی پر زور دیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  جنوبی وزیرستان میں نوجوان کی ذبح شدہ نعش برآمد