اسرائیلی جارحیت کے 300روز

غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے 300روز مکمل ،39ہزار سے زائد فلسطینی شہید

ویب ڈیسک: غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے 300روز مکمل ہوگئے اس دوران 82ہزار ٹن بارود برسایا گیاجس میں 39ہزار 480بے گناہ فلسطینی شہید جبکہ 91ہزار 128افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
سرکاری میڈیا آفس کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں 300روز کے دوران اسرائیلی کی جانب سے غزہ پر 3ہزار 457حملے کیے گئے اور 82 ہزار ٹن بارود برسایا گیاجس کے نتیجے میں10 ہزار افراد لاپتا ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شہدا میں 16ہزار 314 بچے اور 10 ہزار 980 خواتین شامل ہیں۔
شہید ہونے والے افراد میں سے 520 کی لاشیں اجتماعی قبروں سے ملیں، غزہ میں 35 افراد غذائی قلت کے سبب بھی جان کی بازی ہار گئے۔
اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ کے انفرااسٹرکچر کو بھی شدید ترین نقصان پہنچا ہے اور اس مد میں 33ارب ڈالر کے براہ راست نقصانات ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  سیالکوٹ میں گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ ،7افراد جاں بحق

میڈیا آفس کے مطابق زخمیوں اور بیمار افراد میں سے 13 ہزار افراد کو غزہ سے باہر فوری علاج کی ضرورت ہے۔
اعداد و شمارمیں سامنے آیا ہے کہ غزہ میں موجود ہر شخص نقل مکانی کی مشکلات برداشت کرچکا ہے جبکہ غزہ کے تقریبا ً17لاکھ افراد کسی نہ کسی انفیکشس ڈیزیز میں مبتلا ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 198سرکاری عمارتیں، 117تعلیمی ادارے، 610مساجد،3گرجا گھر، ایک لاکھ 50ہزار رہائشی یونٹ، 206آثار قدیمہ، 34کھیلوں کے مراکز، 3ہزار کلومیٹر سے زائد بجلی کی ترسیل کا نظام اور 700پانی کے کنویں تباہ ہوئے۔
اس کے علاوہ اسرائیلی حملوں میں غزہ کے 34ہسپتالوں اور 68مراکز صحت کو بھی نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں وہ غیر فعال ہوگئے۔

مزید پڑھیں:  انٹرا پارٹی انتخابات، پی ٹی آئی کو دستاویزات جمع کرانے کیلئے مزید مہلت