news 1573788402 4846

حمزہ علی عباسی نے کتاب کا پہلا مسودہ تیارکرلیا

ویب ڈیسک (کراچی)پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار حمزہ علی عباسی نے اپنی کتاب کو پی ڈی ایف میں مفت دستیاب کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

حمزہ علی عباسی نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں بتایا کہ ان کی کتاب کا پہلا مسودہ تیار ہوگیا ہے۔

اداکار نے یہ بھی لکھا کہ ’تمام تعریفیں اللہ ہی کیلئے ہیں‘۔

ٹویٹ پر ایک مداح نے اداکار حمزہ علی عباسی سے سوال کیا کہ وہ انہیں اس کتاب کی ایک کاپی مفت فراہم کریں گے یا نہیں۔اداکار نے مداح کی جانب سے کیے جانے والی سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ انشاءاللہ اُن کی کتاب پی ڈی ایف سے ڈاؤن لوڈ کرنے کیلئے فری ہوگی۔

گزشتہ برس حمزہ علی عباسی نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں بتایا کہ وہ کتاب لکھنے کے عمل میں ہیں جس کا موضوع ’خدا‘ ہوگا۔

اداکار نے یہ بھی بتایا تھا کہ وہ پُرامید ہیں کہ اُن کی کتاب جون 2021 میں منظر عام پر آجائے گی۔

واضح رہے کہ اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری سے عارضی کنارہ کشی اختیار کرنے والے حمزہ علی عباسی نے باضابطہ طور پر واپسی کا اعلان کردیا ہے۔