noor ul haq qadri

سری لنکن بھائیوں کو بدھ مت کے مقدس مقامات کی سیاحت کیلئے خوش آمدید۔ پیر نور الحق قادری

ویب ڈیسک (اسلام آباد): پیر نور الحق قادری نے کہا کہ سری لنکن بھائیوں کو بدھ مت کے مقدس مقامات کی سیاحت کیلئے خوش آمدید کہیں گے، 14رکنی سری لنکن بدھ مونک وفد کی وزارتِ مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی آمد۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا ہے کہ مذاہب کے درمیان باہمی احترام اوربھائی چارہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بدھ مت اور اسلامی تعلیمات امن و آتشی کا درس دیتے ہیں۔ پاکستان مین بدھ مت کے مقدس مقامات پر مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے تمام اقدامات اٹھائیں گے۔ وہ بدھ کو وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی میں سری لنکا سے آئے بدھ مونک کے 14رکنی وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزارت کے پارلیمانی سیکرٹری مذہبی امور آفتاب جہانگیر، پارلیمانی سیکرٹری اقلیتی امور شہنیلا روت، قومی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین چیلا رام کیولانی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر مذہبی امور نے کہا کہ جس طرح ہم نے بھارتی سکھوں کیلئے کرتارپور راہداری کھولی ہے اسی سری لنکن بھائیوں کیلئے بدھ مت کے مقدس مقامات کو بھی کھولنا چاہتے ہیں۔ اس حوالے سے ہمارا مقصد سیاحت کا فروغ اور پیسے کمانا نہیں بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ بدھ مت کے پیروکاروں اور پاکستانی عوام کے درمیان بھائی چارے کا فروغ ہو، بدھ مونک کا یہ دورہ بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ اس سے سری لنکا اور پاکستان کے درمیان نئی راہیں کھلیں گی۔ ہم بدھ مت اور گندھارا تہذیب کے آثارِ قدیمہ محفوظ بنانے کیلئے کردار ادا کر رہے ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری شہنیلا روت نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سیاحت بالخصوص مذہبی سیاحت کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ سری لنکا ہمارا اہم دوست ملک ہے، بدھ وفد کے سربراہ ڈاکٹر اساجی تھیرو اور دیگر نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوستی کو لازوال قرار دیا اور کہا کہ ہر مشکل گھڑی میں پاکستانی حکومت اور عوام کی طرف سے تعاون کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ دونوں ممالک دہشت گردی کا شکار رہے ہیں، مہاتما بدھ کے امن و آتشی کے فلسفہ کو زیادہ سے زیادہ پھیلانے کی ضرورت ہے۔ ٹیکسلا میں گندھارا یونیورسٹی کا کردار اس سلسلے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، دونوں ممالک کو سرکاری اور پرائیویٹ یونیورسٹیوں میں گندھارا آرٹ، کلچر، فلسفہ متعارف کروانے کیلئے وظائف کے اجرا پر کام کرنا چائیے۔ انہوں نے مزید تجویز دی کہ پاکستان میں گندھارا اور بدھ مت تہذیب کو دنیا میں اجاگر کرنے کیلئے ایک عالمی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے جس میں چین، کوریا، جاپان، سری لنکا، ویت نام، تھائی لینڈ سمیت دنیا کے دیگر ممالک کے مندوبین کو شرکت کی دعوت دی جائے۔ پاکستان ہائی کمیشن سری لنکا کی سیکنڈ سیکرٹری عائشہ ابو بکر نے کہا کہ ٹیکسلا میں موجود گندھارا تہذیب، بدھ مت کے عظیم پیشواوں کے مجسمے، نودرات اور سٹون ورک کے ہنر کو دنیا میں متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں:  پیٹرولیم ڈیلرز قیمتوں کی ڈی ریگولیشن کیخلاف ڈٹ گئے