خیبر پختونخوا بلدیاتی ضمنی انتخابات

خیبر پختونخوا :بلدیاتی ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ جاری

خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق، خیبر پختونخواہ کے 13اضلاع کے مختلف پولنگ اسٹیشنز میں آج دوبارہ پولنگ ہورہی ہے، ری پولنگ میں مجموعی طور پر7 لاکھ 10 ہزار 472 ووٹرزحق رائے دہی کا استعمال کریں گے جن میں 3لاکھ 62 ہزار924 مرد اور 3 لاکھ 47 ہزار 548 خواتین ووٹرز ہیں۔

صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق، پشاور، نوشہرہ،خیبر، مہمند، مردان، کوہاٹ، کرک سمیت 13 اضلاع کے 568 پولنگ اسٹیشنز میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی، بکاخیل کے پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ صبح ساڑھے 9 سے شام ساڑھے 5 بجے تک ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سٹی کونسل کے لیے پشاور میں تین نیبرہوڈ کونسل میں مجموعی طور پر 12 ہزار 913 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، نیبرہوڈ کونسل 22 قادر آباد کے 5 پولنگ اسٹیشن پردوبارہ پولنگ ہوگی، یہاں ووٹرز کی کل تعداد 9 ہزار 322 ہے جس میں 4864 مرد اور4458 خواتین ووٹرزہیں۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی دورکاایف بی آر ٹریک اینڈٹریس سسٹم فراڈ قرار

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 31 مارچ کو مقرر

این سی آفریدی گڑھی کے مردانہ پولنگ اسٹیشن پرری پولنگ ہوگی اس پولنگ اسٹیشن پر ووٹرز کی کل تعداد ایک ہزار 970 ہے جب کہ این سی خیبر زنانہ پولنگ اسٹیشن میں بھی دوبارہ پولنگ ہوگی جہاں ایک ہزار 621 خواتین ووٹرزاپنا حق رائے دہی کا استعمال کریں گی۔

ڈی آئی خان کی سٹی میئر سمیت تین نشستوں پر سب سے تگڑا مقابلہ ہونے جارہا ہے، کوٹ عیسیٰ خان میں جنرل کونسلر کی نشست پر پولنگ جاری ہے، رتہ کلاچی میں کسان کونسلر کی نشست جبکہ سٹی میئر کی نشست پر ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔

یاد رہے مذکورہ نشست میں اے این پی کے امیدوار عمر خطاب کے قتل کے باعث سٹی مئیر کا انتخاب ملتوی کر دیا گیا تھا،پی ٹی آئی،جے یوآئی ف اورپی پی کےدرمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ڈی آئی خان کی تینوں نشستوں پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 44ہزار ہے، سٹی میئر کے الیکشن کیلئے302 پولنگ اسٹیشن،1039پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں، جن میں سے 68 پولنگ اسٹیشنز حساس ترین،121 کو حساس قرار دیا جاچکا ہے۔

مزید پڑھیں:  سولرپینل لگانے والوں پر ٹیکس عائد کرنے کی تجویز

ضلع لکی مروت میں تحصیل چیئرمین، دیہی ونیبرہڈ کونسل ممبران کی نشست کیلئے ووٹنگ جاری ہے، دولت خیل کے 2پولنگ اسٹیشنز پر تمام کیٹگریز کی سیٹوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے، غزنی خیل میں 4 پولنگ اسٹیشنز پر جنرل ممبر کی نشست پر ووٹ ڈالنے کا سلسلہ جاری ہے، سرائے نورنگ میں 3 پولنگ اسٹیشن پرتحصیل چیئرمین کے لئے مقابلہ جاری ہے۔

اسی طرح مردان کی دو ولیج کونسلز کی نشستوں پر ری پولنگ کا عمل جاری ہے، گجرگڑھی کی ولیج کونسل2 پر کسان نشست،گڑھی اسماعیل زئی میں جنرل نشست پر ری پولنگ ہورہی ہے۔

خیال رہے ان اضلاع میں بد امنی، ہنگاموں اور قتل کے واقعات کےباعث 19 دسمبر کو ہونے والے الیکشن ملتوی کئے گئے تھے۔